کیون پیٹرسن بھی قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کے ” فین “ ہوگئے

سوشل میڈیا پر اپنے خیالات کا اظہار کرڈالا

پیر 28 مئی 2018 11:54

کیون پیٹرسن بھی قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کے ” فین “ ہوگئے
لندن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔28مئی 2018 ء) سابق برطانوی کپتان کیون پیٹرسن نے بھی شاندار الفا ظ میں قومی ٹیم کے کپتان سرفرا ز احمد کی تعریف کرڈلی ۔تفصیلات کے مطابق پاکستان نے کرکٹ ماہرین کو حیران کرتے ہوئے لارڈز ٹیسٹ میں انگلینڈ کو نو وکٹوں سے شکست دی جس پر کئی غیر ملکی کرکٹ ماہرین نے بھی پاکستانی ٹیم کے بے انتہا تعریف کی ۔سابق برطانوی کپتان کیون پیٹر سن نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ ” پاکستان کی اس جیت پر مجھے کوئی حیرت نہیں ہوئی ہے ، میں نے پاکستان سپر لیگ کے تین ایڈیشنز میں سرفراز احمد کی کپتانی میں کھیلا ہے ، ان میں جیت کو پانے کا جذبہ کوٹ کوٹ کر بھرا ہے ،مکی آرتھر بھی اس جیت پر کامیابی کے مستحق ہیں“۔

یاد رہے کہ پاکستان نے لارڈز ٹیسٹ میں انگلینڈ کو 9 وکٹوں سے شکست دی۔

(جاری ہے)

پاکستان کےخلاف پہلے ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں پوری انگلش ٹیم 242 رنز پر ڈھیر ہو گئی اور پاکستان کو فتح کیلیے 64 رنز کا ہدف ملا جسے قومی ٹیم نے باآسانی ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ اظہر علی اینڈرسن کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے، جبکہ امام الحق اور حارث سہیل نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہدف کو عبور کرلیا۔

حارث سہیل نے 39 اور امام الحق نے 18 رنز بنائے۔قبل ازیں کھیل کے چوتھے روز انگلینڈ نے 6 وکٹ پر 235 رنز اور 56 کی برتری کے ساتھ اپنی اننگز کا دوبارہ آغاز کیا تو جوز بٹلر 66 اور ڈومنیک بیس 55 رنز پر ناٹ آﺅٹ تھے، تاہم انگلینڈ کی چاروں وکٹیں مجموعے میں صرف 7 رنز کا اضافہ کر سکیں، جوز بٹلر 67، مارک ووڈ 4 پرمیدان بدر ہوئے، سٹورٹ براڈ کو کھاتہ کھولنے کا بھی موقع نہ ملا، آخری بیٹسمین ڈومنیک بیس 57 پر آﺅٹ ہوئے، انگلینڈ نے 242 کا مجموعہ حاصل کرتے ہوئے پاکستان کو فتح کیلئے 64 رنز کا ہدف دیا، محمد عامر اور محمد عباس نے 4،4 جبکہ شاداب خان نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

انگلینڈ کی پہلی اننگز میں 184 رنز کے جواب میں پاکستان ٹیم نے 363 رنز بناتے ہوئے 179 رنز کی برتری حاصل کی تھی، بابر اعظم 68 رنز پر ریٹائرڈ ہرٹ ہوئے، اسد شفیق 59، شاداب خان 52 اور اظہر علی 50 رنز کے ساتھ نمایاں سکورر رہے۔