کراچی ایک بار پھر قومی کھیل ہاکی کی نرسری بنے گا، زبیر حبیب

کے ایچ اے ہاکی کمپلیکس کو دور حاضر کی جدید سہولیات سے آراستہ کیا جائیگا ، نومنتخب صدر کراچی ہاکی ایسوسی ایشن

پیر 28 مئی 2018 00:00

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2018ء) کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے نو منتخب صدر زبیر حبیب نے کہا ہے کہ ماضی کی طرح کراچی ایک بار پھر سے قومی کھیل ہاکی کی نرسری بنے گا، پاکستان کے سب سے بڑے شہر میں ہمیشہ سے قومی کھیل کا بے تحاشہ ٹیلنٹ رہا ہے اس ٹیلنٹ کو کراچی ہاکی ایسوسی ایشن مربوط پلاننگ کے ذریعہ اجاگر کرے گی، کھیل اور کھلاڑیوں کے فروغ کیلئے طویل مدتی پروگرامز تشکیل دیئے جائینگے تاکہ ایک مرتبہ پھر سے کراچی کے کھلاڑی قومی ہاکی ٹیم کا شامل ہوکر اپنے شہر اور ملک کا نام روشن کرسکیں، دو میچوں میں قومی جونیئر ہاکی ٹیم کیخلاف کراچی ہاکی ٹیم کی کارکردگی تسلی بخش رہی ان کھلاڑیوں میں آگے بڑھنے کی جستجو اور لگن دکھائی دی انکی رہنمائی کی جائیگی تاکہ شہر میں قومی کھیل کا اثاثہ مستقبل میں ملک کے کام آسکے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار زبیر حبیب نے کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے پہلے ایگزیکٹیو کونسل کے اجلاس میں کیا۔کے ایچ اے کا اجلاس اولمپئن اصلاح الدین و ڈاکٹر محمد علی شاہ ہاکی اکیڈمی میں منعقد ہوا جس کی صدارت خود زبیر حبیب نے کی،اجلاس میں جنرل سیکریٹری، اولمپئن کامران اشرف، چیئرمین اولمپئن افتخار سید، سینئر نائب صدر جان محمد، نائب صدور لطافت حسین شاہ، محمد یوسف، طلعت محمود، ابوذر امرا، جوائنٹ سیکریٹریز، ارشاد حیدر، مبشر مختار، ضیائالسلام ، خازن محمد علی جعفری، ایسوسی ایٹ سیکریٹری میڈیا طارق خان، عاصم عباسی کے علاوہ، محسن علی خان، ذوالفقار حسین،شاہد خان، انیس کیانی، خلیق مرزا، تسنیم عثمانی، فرحان رضا، سید آل حسن، اسد ظہیر، ندیم صدیق، مزمل حسین اور محمد جاوید بھی موجود تھے۔

اجلاس میں کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری اولمپئن کامران اشرف اور سینئر نائب صدر جان محمدنے انٹر کلبز، انٹر ڈسٹرکٹس ٹورنامنٹس ، کراچی میں ہاکی اکیڈمی کا قیام ، بنیادی سطح پر انٹراسکول ہاکی ٹورنامنٹس کے انعقاد کے حوالے سے تفصیلی بریف کیاجسے زبیر حبیب نے سراہا، اسکے علاہ گلشن اقبال میں واقع کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے ہاکی کمپلیکس کے حوالے سے بھی انہیں بتایا گیا جس پر کے ایچ اے کے صدر نے کہا کہ ہاکی کمپلیکس میں روکے ہوئے کاموں میں تیزی لائی جائیگی اسے دور حاضر کی جدید سہولیات سے آراستہ کیا جائیگا تاہم آئندہ چند دنوں میں کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کی نو منتخب باڈی چارج سنبھال کر کام شروع کردیگی۔

قبل ازیں زبیر حبیب نے کراچی ہاکی ٹیم اور قومی جونیئر ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں سے ملاقات کی انہیں اپنی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ، سخت محنت اور لگن سے قومی کھیل کی خدمت کرنے کا درس دیا۔ اس موقع پر پاکستان ہاکی فیڈریشن کے چیف سلیکٹر اولمپئن اصلاح الدین ، جونیئر ہاکی ٹیم کے کیمپ کمانڈنٹ و منیجر اولمپئن قمر ابراہیم بھی موجود تھے۔