واٹربورڈ کا نارتھ ایسٹ پمپنگ اسٹیشن بجلی کی کمی بیشی سے دوچار ، پمپنگ اسٹیشن سے ضلع شرقی اور غربی کو پانی کی فراہمی متاثر

پیر 28 مئی 2018 00:00

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2018ء) واٹربورڈ کا نارتھ ایسٹ پمپنگ اسٹیشن گزشتہ روز سے برقی رو میں باربار ہونے والی کمی بیشی سے دوچار ہے ، پمپنگ اسٹیشن سے ضلع شرقی اور غربی کو پانی کی فراہمی متاثر ہورہی ہے ، تفصیلات کے مطابق واٹربورڈ کا نارتھ ایسٹ کراچی پمپنگ اسٹیشن بجلی کے جرک (والٹیج میں کمی بیشی ) سے متاثر ہورہا ہے ہفتہ کو شام 6:25 پر بجلی کے والٹیج میں خطرناک حد تک کمی بیشی کے باعث واٹربورڈ کو کے ٹو فراہمی آب کے نظام سے پانی کی فراہمی بند کرنا پڑی ، تاہم یہ سلسلہ یہیں نہیں رکا شام 7:30 پر دوبارہ بجلی کے جرک کے باعث پانی کی فراہمی معطل ہوگئی ، بعدازاںرات 10;30 اور پھر 10:55پر والٹیج میں کمی بیشی کے باعث پمپنگ بند ہوگئی ، علاوہ ازیں اتوار کی شام 4:20 بجے پھر بجلی کے تعطل کے باعث ڈسٹرکٹ ایسٹ اور ڈسٹرکٹ ویسٹ کے علاقوں کو پانی کی فراہمی بند ہوگئی جو آخری اطلاعات آنے تک شام 5:55 پر بحال ہوئی ،ووالٹیج کے اتار چڑھاؤ کے باعث شہریوں کو پانی فراہم کرنے والے قیمتی پمپس، موٹروں الیکٹرک پینلز، ڈیوائز کو خطرات لاحق ہوگئے ہیں ،واٹربورڈ حکام نے کے الیکٹرک کے ذمہ دارافسران سے رابطہ کیا اور ان سے بلا تعطل بجلی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔