اسلام آباد،مکان پر قبضہ کرنے، سنگین نتائج سمیت جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے پر وائس چیئرمین یونین کونسل کھنہ ڈاک راجہ امجدسمیت دس سے زائد افراد کے خلاف مقدمہ درج

اتوار 27 مئی 2018 23:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 مئی2018ء) شہری کے مکان پر دھاوا بول کر قبضہ کرنے،اسلحہ کے زور پر سنگین نتائج سمیت جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے پر کھنہ پولیس نے وائس چیئرمین یونین کونسل کھنہ ڈاک راجہ امجد اسکے بھائی راجہ آصف سمیت دس سے زائد قبضہ مافیا کے گروپ کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔تھانہ کھنہ پولیس کو شہری اعجاز چیمہ نے درخواست میں موقف اپنایا کہ مدینہ ٹاؤن کھنہ ڈاک اسلام آباد میں اس نے اپنے کزن سے مکان خریدا تھا اور اس پر رہائش پذیر تھا کہ اچانک دس سے زائد افراد نے اسلحہ کے زور پر دھاوا بول کر مکان پر قبضہ کر لیا اور رہائش پزیر فیملی پر اسلحہ تان کر انہیں جان سے مارنے کی دھمکیاں دیتے ہوئے انہیں گھر سے باہر نکلنے کا کہا اور مکان پر ذبردستی ناجائز قبضہ کر لیا۔

(جاری ہے)

تھانہ کھنہ میں درج مقدمہ کے مطابق کھنہ ڈاک اسلام آباد کی یونین کونسل کے وائس چیئرمین راجہ امجد اور اس کے بھائی راجہ آصف کی سرپرستی میں دس سے زائد افراد نے گھر میں داخل ہو کر اسلحہ کے زور پر مکان پر قبضہ کیا ہے۔درخواست گزار اعجاز ارشد چیمہ کے مطابق راجہ امجد اور راجہ آصف کے غنڈے اب بھی مکان پر موجود ہیں جن کے پاس ہیوی اسلحہ بھی موجود ہے جبکہ مکان پر موجود محمد نسیم اور وسیم کا کہنا ہے کہ انہوں نے یہ مکان یونین کونسل کھنہ کے وائس چیئرمین راجہ امجد اور اس کے بھائی راجہ آصف سے خریدا ہے تاہم جب کھنہ پولیس نے قبضہ مافیا سے مکان کی بابت رجسٹری،انتقال سمیت کوئی بھی مالکانہ ثبوت طلب کیا تو قبضہ مافیا کسی قسم کا کوئی ثبوت پیش نہ کر سکا جس پر تھانہ کھنہ پولیس نے یو سی وائس چیئرمین راجہ امجد اور اس کے بھائی راجہ آصف،نسیم،وسیم اور ماجد سمیت دس سے زائد نامعلوم قبضہ مافیا کے گروپ کے خلاف مکان میں ذبردستی گھس کر قبضہ کرنے ، اسلحہ کے زور پرسنگین نتائج سمیت جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے ایک ملزم ماجد کو گرفتار کر لیا جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

۔۔۔۔

متعلقہ عنوان :