نیب کورٹ سے نوازشریف کو انصاف ملنے کی توقع نہیں،وزیراعظم

برملا کہتا ہوں کہ نوازشریف اصولوں کیلئےجیل جانےکیلئے تیارہیں، مسلم لیگ ن کچھ بنیادی اصولوں پرکمپرومائزنہیں کرے گی،بعض کیسز میں سال میں دوپیشیاں نہیں ہوتیں، یہاں دن میں دو دو پیشیاں ہورہی ہیں۔شاہد خاقان عباسی کا نجی ٹی وی کو خصوصی انٹرویو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 27 مئی 2018 22:37

نیب کورٹ سے نوازشریف کو انصاف ملنے کی توقع نہیں،وزیراعظم
اسلام آباد (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔27 مئی 2018ء) : وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ نیب کورٹ سے نوازشریف کو انصاف ملنے کی توقع نہیں ہے، برملا کہتا ہوں کہ نوازشریف اصولوں کیلئے جیل جانے کیلئے تیار ہیں،مسلم لیگ ن کچھ بنیادی اصولو ں پرکمپرومائز نہیں کرے گی،بعض کیسز میں سال میں دوپیشیاں نہیں ہوتیں، یہاں دن میں دو دو پیشیاں ہورہی ہیں۔

انہوں نے نجی ٹی وی کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن کچھ بنیادی اصولو ں پرکمپرومائز نہیں کرے گی۔کوئی حلقہ ایسا نہیں جہاں پرہمارے پاس الیکشن لڑنے کیلئے مضبوط امیدوار نہ ہو۔لیکن جو لوگ گئے ہیں یہ وقتی فیصلہ ہے لیکن اس میں ان کو عزت نہیں ملے گی۔ ایسے لوگوں کا ملکی سیاست میں کوئی کردار نہیں ہوتا۔

(جاری ہے)

4سال ہمارے ساتھ رہے لیکن آخری پندرہ دنوں میں ان کو ایسی کیا مشکل آگئی کہ وہ چلے گئے چند دن اور گزار لیتے۔

انہوں نے کہاکہ یہ ہماری بدقسمتی ہے کہ ہماری سیاست میں ایسے لوگ آئے اور عوام نے ایسے لوگوں کو منتخب بھی کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ الیکشن میں جماعت کا بیانیہ ایک ہی ہوتا ہے ۔ ہماری جماعت الیکشن میں کارکردگی کی بنیاد پرہی جائے گی۔ہماری مرکزی اور پنجاب حکومت نے جوکام کیے ہیں ہمارے کاموں کو عوام جانتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ایک ہی جماعت ہے کواصولوں پرالیکشن لڑ رہی ہے وہ جماعت اقتدار کی حوس میں الیکشن نہیں لڑرہی ہے۔

ہم نے جب پاکستان کا اقتدار سنبھالا تومشکل میں تھا لیکن اب نگران حکومت کو بڑا بہتر پاکستان دے کرجارہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ نیب کورٹ سے نوازشریف کو انصاف ملنے کی توقع نہیں ہے۔ کیسز ہیں کہ سال میں دوپیشیاں نہیں ہوتیں۔ لیکن یہاں دن میں دو دو پیشیاں ہورہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ میں برملا کہتا ہوں کہ وہ اصولوں کیلئے جیل بھی جائیں گے۔

نوازشریف اصولوں کیلئے جیل جانے کیلئے تیار ہیں۔ وزیراعظم نے کہاکہ عوا م ہمارے اصولوں اور نوازشریف کے بیانیئے کو جانتے ہیں۔ لوگ جانتے ہیں ایک بندہ اربوں روپے کھا گیا لیکن ان کی کوئی پیشی نہیں ہے۔ جبکہ دوسری جانب ایک بندے پرکوئی الزام نہیں ہے تواس کوآپ نے وزارت عظمیٰ سے نکال دیا، پارٹی صدارت سے نکال دیا، اور اب کیا کریں گے؟نوازشریف نے پاکستان کی خدمت کی ہے۔

نوازشریف نے پاکستان کی سمت درست کی ہے۔اگر میں نوازشریف کو محب وطن اور صاف شفاف نہ سمجھتا توپارٹی میں نہ ہوتا۔انہوں نے کہاکہ نوازشریف کے بیان پر قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس طلب کیا۔کیونکہ یہ بیان اخبار میں چھپا ہے۔جس کے باعث بھارت نے پروپیگنڈا کیا۔ انہوں نے کہاکہ بیان کسی نے پڑھا نہیں لیکن پروپیگنڈا کیا گیا۔ قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس اس لیے بلایا کہ بھارت میں جو پروپیگنڈا ہے اس کا جواب دیا جاسکے۔