Live Updates

الیکشن کمیشن عمران خان،منظورآفریدی ملاقات کا نوٹس لے،نفیسہ شاہ

منظورآفریدی نےعمران خان سےملاقات کرکے عوام کےسامنے ساکھ کھو دی ہے،ایسے شخص کو نگراں وزیراعلیٰ کیسے تجویز کیا گیا جوفاٹا انضمام کا مخالف ہے۔پیپلزپارٹی کی رہنماء نفیسہ شاہ کا بیان

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 27 مئی 2018 21:51

الیکشن کمیشن عمران خان،منظورآفریدی ملاقات کا نوٹس لے،نفیسہ شاہ
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔27 مئی 2018ء) : پاکستان پیپلزپارٹی نے الیکشن کمیشن سے عمران خان اور منظور آفریدی کی ملاقات پر نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا ہے،انہوں نے کہا کہ منظورآفریدی نےعمران خان سے ملاقات کرکے عوام کے سامنے ساکھ کھو دی ہے، ایسے شخص کو نگراں وزیراعلیٰ کیسے تجویز کیا گیا جو فاٹا انضمام کا مخالف ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پیپلزپارٹی کی رہنماء نفیسہ شاہ نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ کی ملاقات پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور نگران وزیراعلیٰ کے پی کے منظورآفریدی کی ملاقات پر الیکشن کمیشن نوٹس لے۔

نفیسہ شاہ نے کہا کہ مجوزہ نگراں وزیراعلیٰ عمران خان سے ملاقات کیلئے بنی گالا کیوں گئے؟ نفیسہ نے کہا کہ منظورآفریدی نےعمران خان سے ملاقات کرکےعوام کےسامنے ساکھ کھو دی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جے یوآئی کے کارکن اورپی ٹی آئی کے سینیٹرکے بھائی کا انتخاب جانبداری کی انتہا ہے۔ بڑا بھائی پی ٹی آئی کا ڈونر، چھوٹا جے یوآئی کا ڈونر، مالی گٹھ جوڑ کی بد قسمت کہانی ہے۔

یہ ہےعمران خان کی تبدیلی اورفضل الرحمان کی سیاست کااصلی چہرہ ہے۔منظور آفریدی کا پس منظر اور حرکتیں غیرجانبداری پردھبہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے شخص کو نگراں وزیراعلیٰ کیسے تجویزکیا گیا جو فاٹا انضمام  کا مخالف ہے۔ انہوں نے منظور آفریدی کی نگران وزیراعلیٰ کی تعیناتی کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن منظورآفریدی کی عمران خان سے ملاقات پر نوٹس لے۔

دوسری جانب سوشل میڈیا پر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور نگران وزیراعلیٰ منظور آفریدی کی ملاقات سے متعلق تصویر سامنے آئی ہے جس میں منظور آفریدی بنی گالہ میں چیئرمین پی ٹی آئی سے ملاقات کررہے ہیں۔ اس موقع پرملاقات میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ پرویز خٹک بھی موجود ہیں۔ سوشل میڈیا پرعمران خان اورمنظور آفریدی کی ملاقات پر تنقید بھی کی جارہی ہے۔ ایک ٹویٹ میں کہا گیا کہ ابھی کسی نے بتایا کہ خیبرپختونخوا کے نگران وزیراعلیٰ منظور آفریدی نے بنی گالہ حاضری دے کر ’صاف اور شفاف‘ انتخابات کی یقین دہانی کرائی۔ پی ٹی آئی کا مشورہ ہے کہ دیگر جماعتیں بھی اپنے اپنے حکومتی صوبوں میں یہی نئی روایت دہرا کر انتخابات کی ’شفافیت‘ یقینی بنائیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات