ایس ایچ او تھانہ اے سیکشن لطیف آباد آصف حیات کے کمسن بیٹے سعد پر موٹرسائیکل سوار نامعلوم افراد کا چاقو سے حملہ

سعد کے سینے اور ٹانگ پر گہرے زخم آئے، ایس ایس پی نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کو فوری گرفتار کرنے کا حکم دیا

اتوار 27 مئی 2018 21:40

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مئی2018ء) ایس ایچ او تھانہ اے سیکشن لطیف آباد آصف حیات کے کمسن بیٹے سعد پر موٹرسائیکل سوار نامعلوم افراد کا چاقو سے حملہ، سعد کے سینے اور ٹانگ پر گہرے زخم آئے، ایس ایس پی نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کو فوری گرفتار کرنے کا حکم دیا ہے۔ ایس ایچ او تھانہ اے سیکشن لطیف آباد آصف حیات کے 11 سالہ بیٹے سعد پر اس وقت حملہ ہوا جبکہ وہ ریشم بازار کے قریب موجود تھا حالانکہ یہاں سے کچھ فاصلے پر رمضان المبارک کی آمد پر پولیس سیکیورٹی کیمپ بھی لگایا گیا تھا تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے، موٹرسائیکل سوار ملزمان کمسن سعد پر حملہ کرنے کے بعد بآسانی فرار ہوگئے جبکہ پولیس واقعہ سے لاعلم رہی، زخمی بچے کو طبی امداد کے لئے فوری سول ہسپتال منتقل کیا گیا، بچے کو ایک زخم دل کے قریب جبکہ دوسرا دائیں ٹانگ پر لگا اور اس کی حالت خطرے سے باہر ہے، ذرائع کے مطابق موٹرسائیکل پر سوار دو نامعلوم ملزمان نے شناخت کرنے کے بعد سعد پر چاقو یا کسی نوک دارر آلہ کے وار کئے جس سے وہ زخمی ہو گیا۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں ایس ایس پی حیدرآباد سید پیر محمد شاہ ایس ایچ او اے سیکشن آصف حیات کے گھر دوابہ پولیس لائن پہنچے، اس موقع پر ڈی ایس پی سٹی اعجاز بھٹی اور دیگر افسران بھی موجود تھے، ایس ایس پی نے کمسن سعد کی عیادت کرتے ہوئے اسے پیار کیا اور کہا کہ بہادر پولیس افسر کے بچے کے چہرے پر خوف نہیں عزم اور حوصلہ ہے جوہماری میراث ہے، انہوں نے ڈی ایس پی سٹی اور ایس ایچ او سٹی عمران کو حکم دیا کہ علاقہ میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں سے مدد لی جائے اور موقع پر موجود لوگوں سے بھی معلومات حاصل کرکے ملزمان کو جلد سے جلد گرفتار کیا جائے۔