کوئٹہ میں موٹرسائیکل سوار مسلح افراد کی فائرنگ سے 2ٹریفک پولیس اہلکار شہید، 4راہ گیر زخمی، فالکن پولیس کے اہلکاروں کی بروقت کارروائی ، فائرنگ کے تبادلے میں2دہشت گرد ہلاک

اتوار 27 مئی 2018 20:33

کوئٹہ۔27مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مئی2018ء) کوئٹہ میں موٹرسائیکل سواروں کی فائرنگ سے ٹریفک پولیس کے 2اہلکار شہیدجبکہ 4راہ گیر زخمی ہوگئے فالکن پولیس کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں 2دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق اتوار کی شام کوئٹہ کے علاقے سرکی روڈ پر موٹرسائیکل پر سوار 2مسلح افراد نے فائرنگ کرکے ڈیوٹی دینے والے ٹریفک پولیس کے 2اہلکاروںعبدالرشید اور بشیر شاہ کو شہید کردیاجبکہ فائرنگ کی زد میں آکر 4راہ گیرمحمد شفیق ، خدائیداد ، حاجی اختر اور جانان زخمی ہوگئے واقعہ کے بعد دہشت گرد فرار ہورہے تھے کہ فالکن پولیس کے اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ کے تبادلے کے بعد2حملہ آوروں کو بھی ہلاک کردیا۔

پولیس نے نعشوں اورزخمیوں کو فوریطور پر سول ہسپتال پہنچادیاجہاں 2زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ پولیس نے ٹریفک پولیس اہلکاروں کی نعشیں ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردی گئیں جبکہ دہشتگردوں کی نعشیں شناخت کیلئے ہسپتال کے مردہ خانے میں رکھ دی گئی ہیں۔