آسٹریلیا ؛خشک سالی،گندم کی پیداوار میں کمی

ایشیائی فلور مل مالکان بحیرہ اسود کی گندم کی خریداری کو ترجیح دینے لگے

اتوار 27 مئی 2018 20:10

سنگاپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 مئی2018ء)ماہرین اقتصادیا ت کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا میں مسلسل دوسرے سال خشک سالی کے باعث گندم کی پیداوار کم ہونے اور علاقائی طلب میں مسلسل اضافے کے باعث ایشیائی فلور مل مالکان بحیرہ اسود کی گندم کی خریداری کو ترجیح دے رہے ہیں۔غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق تجارت کے شعبے سے ماہرین کی ایک جائزہ رپورٹ میں کہا گیا کہ رواں سال (مسلسل دوسرے سال ) آسٹریلیا میں خشک سالی کے باعث گندم کی پیداوار کم رہنے کی توقع ہے جبکہ یہ علاقے میں گندم کا سب سے بڑا سپلائر ہے،کم پیداوار کے مقابلے میں خطے کی بڑھتی طلب پوری نہ کرسکنے پر علاقے کے فلور مل مالکان اور دیگر ادارے اپنی ضرورت کیلئے بحیرہ اسود کے علاقے میں پیدا ہونے والی گندم کی رخ کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

ماہرین اقتصادیات کے مطابق گزشتہ ماہ ایشیائی مل مالکان نے 1 ملین ٹن سے زیادہ بحیرہ اسود کے ریجن کی گندم کی خریداری کی اور آنے والے مہینوں میں بھی یہ سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔ایشیائی خطے کی جانب سے بحیرہ اسود کی گندم کی پیداوار کی خریداری سے آسٹریلیا کی علاقائی اجارہ داری متاثر ہوگی، یہ خطہ مسلسل ترقی کررہا ہے اور وہاں گندم اور اس کے اجزاء سے تیار ہونے والی اشیاء کی مانگ میں مسلسل اضافے کی وجہ سے گندم کی طلب بڑھ رہی ہے۔