نالہ لئی کی صفائی کاکام آئندہ ماہ مکمل کر لیا جائے گا ،ایم ڈی واسا

نشیبی علاقوں کو طغیانی سے بچانے کے لیے نالہ لئی کی 1200فٹ طویل اور 38فٹ اونچی حفاظتی دیوار کی تکمیل بھی جلد ہو گی

اتوار 27 مئی 2018 19:00

راولپنڈی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مئی2018ء) واٹر اینڈ سینی ٹیشن ایجنسی (واسا )راولپنڈی نے نالہ لئی کے گرد و نوح میں واقع نشیبی علاقوں کو سیلابی پانی سے بچائوکے نالہ لئی کی مکمل صفائی کا جامع پلان ترتیب دے دیا ،منصوبے کے تحت نالہ لئی کی صفائی آئندہ ماہ کے وسط تک مکمل کر لی جائے گی ۔مینجنگ ڈائریکٹر واسا راجہ شوکت محمود نے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے شہریوں پر زور دیاکہ نالہ لئی کے نشیبی علاقوں میں رہائش پذیر افراد کوڑا کرکٹ نالہ لئی میں پھینکنے سے گریز کریں تاکہ نالہ لئی کی روانی برقرار رہ سکے ۔

انہوں نے کہاکہ شہریوں کو نالہ لئی کو صاف ستھرا رکھنے میں واسا کے ساتھ تعاون کرنا چاہیے اور کوڑا کرکٹ مختص مقامات پر ہی پھینکنا چاہیے ۔انہوں نے کہاکہ سیلاب کی تباہ کاریوں سے بچائو میں شہریوں کا کلیدی کردا ر ہوتا ہے اور وہ اپنا یہ کردار شہری ذمہ داریاں پوری کر کے ادا کر سکتے ہیں ۔

(جاری ہے)

قومی خبر ایجنسی سے بات چیت کرتے ہوئے ایم ڈی واسا راجہ شوکت محمود نے کہاکہ نالہ لئی سے کچرے کو اٹھانے کے ساتھ ساتھ نالہ لئی کو چوڑا اور گہرا بھی کیا جارہا ہے تاکہ کسی بھی سیلابی صورتحال سے بچا جا سکے ۔

انہوں نے کہاکہ گوالمنڈی کے علاقے میں نالہ لئی کی صفائی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے کیونکہ یہ گنجان آباد علاقہ ہے اور اس مقام پر بڑی مقدار میں کوڑا کرکٹ جمع ہے ۔انہوں نے کہاکہ صدر روڈ ،ڈھوک چراغ دین ،پیرودھائی ،نیوکٹاریاں اور ڈھوک نجو کے علاقے بھی خطرناک ہیں تاھم ان مقامات کی صفائی کا کام بھی جاری ہے اور ان علاقوں سے نالہ لئی کی مکمل صفائی کے کام کو جلد نمٹا لیا جائے گا ۔

راجہ شوکت محمود نے کہاکہ مون سون بارشوں سے قبل نالہ لئی کی صفائی کا کام مکمل کر لیا جائے گا ۔انہوںنے کہاکہ واسا اپنے محدود وسائل کے باوجود شہریوں کو سیلاب کی تباہ کاریوں سے محفوظ رکھنے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہاہے ۔نالہ لئی کی سالانہ صفائی منصوبے کے تحت صفائی کا کام وسط جون تک مکمل کیا جائے گا جبکہ پلان کے تحت مون سون رسیپانس ٹیمیں بھی تشکیل دی جائیں گی ۔

راجہ شوکت محمود نے کہاکہ نالہ لئی اور اس سے ملحقہ نالے جڑواں شہروں کے سیلابی پانی کے اخراج کا بڑا ذریعہ ہیں جس کی باقاعدگی سے صفائی ضروری ہو چکی ہے تاکہ نشیبی علاقوں کو سیلابی پانی سے محفوظ رکھا جاسکے ۔ایک سوال کے جواب میں ایم ڈی واسا نے اے پی پی کو بتایاکہ پیرودھائی قبرستان کے قریب سے لے کر ڈھوک دلال پیرودھائی پل تک نالہ لئی کی 1200 مربع فٹ طویل دیوار کی تعمیر کاکام بھی بہت جلد مکمل کر لیا جائے گا ۔

قبل ازیں انہوںنے بتایاکہ مون سون کے دوران لینڈ سلائیڈنگ سے پیرودھائی قدیمی قبرستان سمیت ملحقہ آبادیاں متاثر ہو رہی تھیں ۔اہالیان علاقہ ک یدرخواست پر پنجاب حکومت نے نالہ لئی کی حفاظتی دیوار کی تعمیر کے منصوبے کی منظوری دی تھی ۔انہوںنے کہاکہ واسا اس ضمن میں حتی المقدور کوشش کر رہاہے کہ جون میں مون سون سے قبل نالہ لئی کی 1200 مربع فٹ طویل اور 38فٹ اونچی دیوار کی تعمیر کاکام مکمل کر لیا جائے ۔

انہوںنے بتایاکہ اس وقت 900مربع فٹ دیوار کی تعمیر کاکام مکمل کر لیاگیا ہے ۔انہوںنے بتایاکہ نالہ لئی کی صفائی اور حفاظتی دیوار کی تعمیر کے دونوں منصوبوں پر 160ملین روپے لاگت آئے گی ۔ایک سوال کے جواب میں ایم ڈی واسا نے بتایاکہ نالہ لئی کی مستقل بنیادوں پر صفائی یقینی بنانے کے لیے ایک مشین ہمہ وقت نالہ لئی میں موجود رہے گی ۔

متعلقہ عنوان :