راولپنڈی ڈویژن کے 35رمضان سستے بازاروں میں رعائتی نرخوں پر مرغی اور انڈوں کی فراہمی جاری

اتوار 27 مئی 2018 19:00

راولپنڈی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مئی2018ء) پنجاب لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن کے تعاون سے 35رمضان سستے بازاروں میں رعائتی نرخوں پر مرغی اور انڈے کی فراہمی یقینی بنا یا جا رہاہے ۔ڈائریکٹر لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ راولپنڈی ڈاکٹر شاہد سجاد اصغر نے اے پی پی کو بتایاکہ راولپنڈی ڈویژن کے ان 35سستے رمضان بازاروں میں قائم خصوصی سٹالز کے ذریعے مرغی کا گوشت مارکیٹ سے دس روپے فی کلو گرام کم ریٹ پر جبکہ انڈے مارکیٹ سے 5روپے کم فی درجن فروخت کیے جارہے ہیں ۔

ڈاکٹر شاہد سجاد نے قومی خبر ایجنسی کو بتایاکہ ڈویژن بھر کے رمضان سستے بازاروں میں لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ نے شہریوں کو مرغی کے گوشت اور انڈوں کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے خصوصی سٹالز قائم کیے تھے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ ضلع راولپنڈی میں 16رمضان بازار ،جہلم میں چھ ،اٹک میں چھ جبکہ چکوال میں سات سستے رمضان بازار عوام کو ریلیف کی فراہمی میں مصروف ہیں ۔

واضح رہے کہ حکومت پنجاب کی طرف سے صوبہ بھر میں309 " ایگریکلچر فئیر پرائس شاپس " بھی قائم کی گئی ہیں ۔ ان فئیر پرائس شاپس کے ذریعے 17 معیاری اشیائے خوردونوش عوام کو رعایتی نرخوں پر فراہم کی جا رہی ہیں۔ ان ایگریکلچر فئیرپرائس شاپس پر11 اشیائے خوردونوش کی ہول سیل ریٹ پر دستیابی جاری ہے جن میں آلو،لہسن،ٹماٹر،بھنڈی،کریلا،کدو،دال مسور،ماش،سفید چنااور چاول شامل ہیں۔

جبکہ 6 اشیائے خوردونوش دال چنا،بیسن،کھجور،سیب،کیلا اور لیموں 20 روپے کلو کے رعایتی نرخوں پر فراہم کئے جارہے ہیں ۔عوام کو معیاری اشیائے خوردونوش فراہم کرنے کیلئے حکومت پنجاب کی جانب سی475 ملین روپے کی سبسڈی فراہم کی گئی ہے تاکہ اس بابرکت مہینے میں لوگوں کو اشیائے ضروریہ ایک ہی جگہ پر دستیاب ہو سکیں۔پنجاب کی36 اضلاع میں135 مارکیٹ کمیٹیوں کے ذریعے ان اشیاء کی فراہمی جاری ہے ۔

صوبہ بھر میں ایک رمضان بازار/ ماڈل بازار میں ایک ایگریکلچر فئیر پرائس شاپ قائم کی گئی ہے اور ان فئیر پرائس شاپس کا عملہ متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنر کے تحت کام کررہا ہے۔ان فئیر پرائس شاپس پر عورتوں کے لئے علیحدہ سے کاونٹر بھی قائم کیے گئے ہیں تاکہ وہ باآسانی خریداری کر سکیں۔یہاں دستیاب تمام اشیائے ضروریہ کی کوالٹی کی اچھی طرح جانچ پڑتال کرنے کے بعد ان کو ایگریکلچر فئیر پرائس شاپس پر حفظان صحت کے اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے سٹور کیا جاتا ہے۔ترجمان نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب صارفین کو سستی اور معیاری اشیائے ضروریہ مہیا کرنے کیلئے ہر ممکن اقدام کر رہی ہے۔