بہار کالونی میںعیدگاہ پارک کی سہولت مکینوں سے مت چھینی جائے ،پاسبان

پارک میں عید کی نماز کی جاتی ہے اور مکین شام کو صحت مندانہ ماحول اور تفریح کے لئے استعمال کرتے ہیں ،جاوید اقبال پارک کو سیاسی اجاری داری قائم کرانے والوں اور بلڈر مافیا کی حوالے کرنے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے

اتوار 27 مئی 2018 18:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مئی2018ء) پاسبان لیاری کے زونل آرگنائزر جاوید اقبال، سینئر رہنماسید اسد شاہ بخاری اور سماجی رہنما حاجی عبدالقادر رئیس نے عید گاہ پارک بہار کالونی پر سیاسی عناصر کی اجارہ داری قائم کرنے اور مکینوں کو پارک کی سہولت سے محروم کرنے کے قدامات کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ بہار کالونی عید گاہ پارک کی صفائی کا اہتمام پارک انتظامیہ اور علاقائی انتظامیہ نے کبھی نہیں کیا بلکہ اس پارک کی صفائی اور حفاظت بھی پاسبان اور علاقہ مکین خود کرتے آرہے ہیں ۔

بہار کالونی عید گاہ پارک میں عید کی نماز ادا کی جاتی ہے ،اسے نمازہ جنازہ کے لئے بھی استعمال کیا جاتا ہے جبکہ بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ کے ستائے ہوئے مکین اور بچے اس پارک میں سکون اور تفریح کے لئے آکر بیٹھتے ہیں ۔

(جاری ہے)

مافیا کے قبضہ سے بچے اور فیملیز صحت مند ماحول سے محروم ہوجائیں گے۔ اگر اس پارک کو سیاسی اجارہ داری قائم کرنے والوں کے حوالے کیا گیا تو یہ بہار کالونی کے عوام کے ساتھ ظلم اور ناانصافی کے مترادف ہوگا ۔

پاسبان رہنمائوں نے گورنر سندھ ،وزیر اعلیٰ سندھ ، چیف سیکریٹری سندھ ،کمشنر کراچی ،ایڈمنسٹریٹر پارک ،ڈی سی سائوتھ اورڈائریکٹر پارک سے مطالبہ کیا ہے کہ بہار کالونی کے اس عید گاہ پارک کو سیاسی اجارہ داری رکھنے والے عناصر اور بلڈر مافیا کے حوالے کرنے کی منصوبہ بندی کو روکا جائے اور علاقہ وائس چیئرمین کی جانب سے پارک پرغیر قانونی قبضہ کرنے کی کوششوں کانوٹس لیا جائے ۔

پاسبان رہنمائوں نے کہا کہ پارک علاقے کے عوام کی سہولت کے لئے بنائے جاتے ہیں مگر اجارہ داری قائم کرنے کی منصوبہ بندی کرکے علاقے کے عوام کو پارک کی سہولت سے محروم کرنے کی سازش کی جارہی ہے جس سے علاقہ مکینوں میں شدید اشتعال پایا جاتا ہے ۔ پاسبان رہنمائوں نے مزید کہا کہ بہار کالونی کے مکینوں سے صحت مندانہ ماحول چھیننے کے اقدامات پر بہار کالونی کے عوام پر امن احتجاج کا حق محفوظ رکھتے ہیں ۔