لاہور ہائیکورٹ میں گریڈ 3 سی16تک کے عہدوں پر بھرتی کے عمل کا آغاز آج سے ہوگا

امیدواروںسے 11جون تک آن لائن درخواستیں وصول کی جائیں گی ،جسٹس انوارالحق کی سربراہی میں کمیٹی بھرتی کے عمل کی نگرانی کریگی

اتوار 27 مئی 2018 18:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مئی2018ء) لاہور ہائیکورٹ میں گریڈ 3 سی16 تک کے عہدوں پر بھرتی کے عمل کا آغاز آج ( پیر) سے ہوگا جس کے تحت امیدوار 11جون تک آن لائن درخواستیں دے سکیں گے۔بتایا گیا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس محمد انوارالحق کی سربراہی میں کمیٹی بھرتی کے عمل کی نگرانی کرے گی۔ گریڈ 16 کے کیئر ٹیکر کیلئے بھی درخواستیں طلب کی گئی ہیں جس کے لیے تعلیمی اہلیت بی اے، تجربہ 5 سال اور عمرکی حد35 سال مقرر کی گئی ہے، گریڈ 16کے اسسٹنٹ پروٹوکول آفیسر کیلئے بھی درخواستیں طلب کی گئی ہیں، امیدواروں کیلئے گریجویشن، تجربہ 10سال، عمر کی حد 40 سال رکھی گئی ہے ، گریڈ 14 کے سینئر ایڈیٹر کیلئے بی بی اے فنانس کے حامل امیدواروں سے درخواستیں وصول کی جائیں گی۔

ذرائع کے مطابق گریڈ 13 کے ڈیٹا انٹری آپریٹرز کیلئے تعلیمی قابلیت ایف اے، ٹائپنگ سپیڈ 40اور آئی ٹی ڈپلومہ ہولڈر ہونا ضروری ہے۔

(جاری ہے)

ہائیکورٹ میں 125 جونیئر کلرکوں کی آسامیوں کیلئے بھی درخواستیں طلب کی گئی ہیں، گریڈ 11 کے جونیئر کلرکس کیلئے 40 فیصد کوٹہ میرٹ پر، 20 فیصد کوٹہ ہائیکورٹ کے ملازمین اور 20 فیصد کوٹہ کلاس فور کے ملازمین کیلئے مختص کیا گیا ہے۔

جونیئر کلرکوں کیلئے 5 فیصد کوٹہ اقلیتوں،3فیصد خصوصی افراد کیلئے رکھا گیا ہے۔گریڈ 11 کے سٹور کیپر، سب انجینئر، گریڈ 9 کے اے سی مکینک، ٹیکنیکل آپریٹر، گریڈ 7 کے باورچی کیلئے بھی درخواستیں طلب کر لی گئیں جبکہ درجہ چہارم کے ملازمین کی بھرتی کے لیے امیدواروں کی تعلیمی اہلیت مڈل رکھی گئی ہے، گریڈ 3 کے سینٹری ورکر، سویپر، مالی اور چوکیداروں کیلئے درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔

متعلقہ عنوان :