جمعیت علماء اسلام نظریاتی خیبر پختونخوا کے رہنمائوں نے قبائلی علاقوں کو صوبے کیساتھ شامل کرنے کی مکمل حمایت کا اعلان

اتوار 27 مئی 2018 18:20

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مئی2018ء) جمعیت علماء اسلام نظریاتی خیبر پختونخوا کے رہنمائوں نے قبائلی علاقوں کو صوبے کیساتھ شامل کرنے کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ فاٹا کے پی انضمام کے مخالفین بیرون ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں ۔انہوںنے کہا ہے کہ جلد فاٹا کے پی انضمام کی خوشی میں مختلف علاقوں میں ریلیوں کا انعقاد بھی کرینگے ۔

اس سلسلے میں جمعیت علماء اسلام نظریاتی خیبرپختونخوا کے امیر محمد زبیر روحانی نے پشاور میں افطارپارٹی کے موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ جے یو آئی نظریاتی نے پہلے ہی قبائلی علاقوں کوخیبر پختونخوا کیساتھ شامل کرنے کی حمایت کی تھی اورواضح کیا تھا کہ اس عمل سے نہ صرف فاٹا کے عوام کے مسائل حل ہونگے بلکہ پاکستان بھی محفوظ ہوکر رہیگا ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن اور پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی کی جانب سے فاٹا کے پی انضمام کی مخالفت بلا جواز ہے ، دونوں رہنماء چاہتے ہیں کہ فاٹا کے علاقے بیرونی قوتوں کی آماجگاہ ہواور ان علاقوں میں بدامنی ہو تاکہ ان کی جماعتوں کو بیرونی فنڈنگ کا سلسلہ جاری ہو۔ محمد زبیر روحانی نے کہاکہ اگر فاٹا کو روز اول سے صوبے میں شامل کیا جاتا تو ملک کو اتنا بڑا نقصان نہ پہنچتا لیکن اب بھی حکومت نے اچھا فیصلہ کیا جس کی ہم مکمل حمایت کرتے ہیں ۔

انہوںنے کہاکہ جو بھی انضمام کی مخالفت کرتے ہیں وہ ملک دشمن ہے اور پاکستان کی بقاء وسلامتی نہیں چاہتے ، ایسے عناصر کو مسترد کرناچاہیے ۔ ان کا کہنا تھا کہ جے یو آئی نظریاتی اس سلسلے میں مختلف علاقوں میں ریلیاں بھی منعقد کرینگی ، حکومت کو چاہیے کہ فاٹا اورفرنٹیئر ریجنزکے تمام علاقوں میں ترقیاتی کاموں کا آغاز کرے کیونکہ یہ علاقے بدامنی سے بری طرح متاثر ہو چکے ہیں۔