موجودہ حکومت نے پاکستان کو خوشحالی کی سمت گامزن کیا،گورنرسندھ

اتوار 27 مئی 2018 17:40

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مئی2018ء) گورنرسندھ محمد ز بیر نے کہا ہے کہ 25 جولائی 2018 ء کے روز عام انتخابات میں عوام ایک بار ملک وقوم کی ترقی و خوشحالی کے لئے اپنے پسندیدہ رہنمائوں کو منتخب کرینگے، اس ضمن میں عوام کو کارکردگی کی بنیاد پر انتخاب کرنا چاہئے تاکہ پاکستان مزید ترقی وخوشحالی کی منازل طے کرسکے ۔ انہوں نے کہا کہ 2013 ء کے حالات کی بہتری ، معاشی استحکام ، توانائی بحران کے خاتمہ اور سماجی شعبہ کی ترقی میں موجودہ حکومت نے عوام کی خواہشات کے مطابق بھرپور اقدامات یقینی بنائے ،آج پورے ملک میں امن و امان کی صورتحال بہت بہتر ہوچکی ہے ، تونائی بحران کے خاتمہ ،معاشی استحکام اور سماجی شعبہ کی ترقی سے عوام کو روزگار ، صحت ، تعلیم اور دیگر بنیادی سہولیات حاصل ہو رہی ہیں ،آج سیاسی ناقدین بھی اعتراف کررہے ہیں کہ موجودہ حکومت نے پاکستان کو خوشحالی و ترقی کی سمت گامزن کیا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چاروں صوبوں میں مختلف جماعتوں کی حکومتیں قائم ہیں جن کی کارکردگی عوام کے سامنے ہے ۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیاسی و سماجی رہنما خواجہ شعیب کی جانب سے بلدیہ ٹائون میں دعوت افطار میں شرکت کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔گورنرسندھ نے مزید کہا کہ امن و امان کا قیام ، توانائی بحران کا خاتمہ ، معاشی استحکام اور سماجی شعبہ کی ترقی موجودہ حکومت کے اہم کارنامے ہیں ، پانچ برس میں انتھک محنت ،لگن اور قومی سوچ سے موجودہ حکومت نے پاکستان کو انتہائی مشکل حالات سے نکال کر خوشحالی کے سفر پر گامزن کردیا ہے، عرو س البلاد کراچی کو ایک بار ماضی کی طرح کا شہر بنادیا جہاں رات گئے تک سیاسی ، سماجی ، معاشی ، معاشرتی اور کھیلوں کو سرگرمیاں جاری رہتی ہیں ، اب شہر کے مکین خود کو زیادہ محفوظ سمجھتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت تسلسل سے جاری ہے موجودہ حکومت 31 مئی تک اپنی مدت مکمل کرنے جارہی ہے ،ملک بھر میں ساز گار ماحول میں سیاسی سرگرمیاں جاری ہیں جبکہ 2013 ء میں حالت کی سنگینی کے پیش نظر سیاسی ، سماجی ، معاشی ، معاشرتی اور دیگر سرگرمیاں ماند پڑچکی تھی لیکن آج صورتحال اس کے بالکل برعکس ہے ، ساز گار ماحول میں عام انتخابات کا انعقاد موجودہ حکومت کا کارنامہ ہے ۔

انہوں نے کہا کہ کراچی پاکستان کی معاشی شہ رگ ہے اس کی ترقی وخوشحالی دراصل پاکستان اور اس کے مکینوں کی خوشحالی و ترقی ہے ، شہر میں ملک کے ہرخطہ سے لوگ آکر آباد ہیں ، اقتصادی حب کراچی میں روزگار ، ترقی اور معاشرتی خوشحالی کے وسیع مواقع دستیاب ہیں جو اس شہر کو دیگر شہروں سے ممتا ز کرتا ہے،شہر کو عالمی معاشی نقشہ پر نمایاں مقام دلانے کے لئے موجودہ حکومت نے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے ، شہر میں وفاقی حکومت 75 ارب روپے کی خطیر رقم سے ترقیاتی کام کروارہی ہے ،طویل عرصہ سے التوا کا شکار لیاری ایکسپریس وے موجودہ حکومت نے ہی مکمل کرایا ، شہر میں پینے کے صاف پانی کے دیرینہ مسئلہ کے لئے K-IV پر کام جاری ہے ، اسی طرح شہریوں کو دور جدید کی سفری سہولیات کی فراہمی کے لئے گرین لائن منصوبہ وفاقی حکومت کا تحفہ ہے، کراچی ترقیاتی پیکج کے ذریعہ عوام کو بنیادی سہولیات ، سماجی شعبہ کی ترقی اور انفرااسٹرکچر کی بحالی و ترقی کو مزید بہتر بنانے کے لئے متعدد منصوبے تشکیل دیئے جارہے ہیں ۔

اس موقع پر سینیٹر سلیم ضیا ء نے کہا کہ اگلے انتخابات پاکستان کی سیاسی تاریخ کے اہم ترین انتخابات ہیں جو کہ ترقی و خوشحالی کی منزل کا تعین کریں گے۔