محمد عباس نے 66سالہ پاکستانی ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کا نیا ریکارڈ قائم کردیا

فاسٹ باﺅلر نے محمد آصف ،وسیم اکرم اور وقار یونس کا ریکارڈ برابر کردیا

اتوار 27 مئی 2018 17:38

محمد عباس نے 66سالہ پاکستانی ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کا نیا ریکارڈ قائم کردیا
لندن(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔27مئی 2018 ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کے ابھرتے ہوئے فاسٹ باﺅلر محمد عباس نے لارڈز ٹیسٹ کی پہلی اننگزمیں چار وکٹیں لینے کے بعد انگلینڈکی دوسری اننگزمیں دوبارہ چار شکار کرکے اپنے ساتویں ٹیسٹ میچ میںوکٹوں کی تعداد40کرلی ہے جو کیریئر کے پہلے سات میچوں میں کسی بھی پاکستانی باﺅلر کی سب سے زیادہ وکٹوں کا ریکارڈہے۔

اس سے قبل یہ منفرد اعزازمشترکہ طورپر محمد آصف اور یاسر شاہ کو حاصل تھا جنہوں نے اپنے کیریئر کے پہلے سات ٹیسٹ میچوں میں 37،37وکٹوں پر ہاتھ صاف کئے تھے جب کہ ان کے بعد اس فہرست میں لیفٹ آرم سپنر عبدالرحمن34اور سابق فاسٹ باﺅلر شبیراحمد33وکٹوں کے ساتھ موجود ہیں۔نامور پاکستانی فاسٹ باﺅلرزمیںپہلے سات ٹیسٹ میچوں میں وقاریونس نے 27جبکہ وسیم اکرم نے 26وکٹیں حاصل کی تھیں۔

(جاری ہے)

گزشتہ سال دورہ ویسٹ انڈیز میں ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے محمد عباس نے کیریئر کی اپنی اس پہلی سیریزمیں 19.20کی شاندار اوسط سے پندرہ وکٹیں حاصل کی تھیں جس کے بعد وہ یواے ای میں کھیلی گئی سری لنکا کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں بڑی کارکردگی نہ دکھاسکے جب وہ چار اننگزمیں آٹھ وکٹیں لے سکے تھے۔سری لنکا کے خلاف یواے ای سیریزکے بعد محمد عباس نے رواں ماہ آئرلینڈکے خلاف کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں 66 رنز کے عوض5وکٹوں کی کارکردگی سمیت 9وکٹیں لی تھیں جبکہ انگلینڈکے خلاف لارڈز ٹیسٹ میچ میں انہوں نے 64رنز کے عوض8کھلاڑیوں کو پوویلین کی جانب روانہ کیا ۔

یاد رہے کہ لارڈز ٹیسٹ میں پاکستان نے انگلینڈ کو 9 وکٹوں سے شکست دی۔انگلینڈ کی جانب سے دیے گئے 64 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے اظہر علی اور امام الحق نے اننگز کا آغاز کیا لیکن 12 کے مجموعے پر اظہر علی 4 رنز بنا کر جیمز اینڈرسن کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔اظہر علی کے آﺅٹ ہونے کے بعد امام الحق کا ساتھ دینے کے لیے حارث سہیل وکٹ پر آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا۔

حارث سہیل نے چوکا لگا کر میچ کا خاتمہ کیا۔حارث سہیل 32 گیندوں پر 39 اور امام الحق 18 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔میزبان انگلش ٹیم لارڈز ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 235 رنز سے چوتھے روز کے کھیل کا آغاز کیا تو مجموعی سکور میں 2 رنز کے اضافے کے بعد بٹلر 67 رنز بناکر آﺅٹ ہوگئے۔انگلینڈ کی آٹھویں آﺅٹ ہونے والے کھلاڑی مارک ووڈ تھے جو 4 رنز بناکر محمد عامر کا شکار بنے جب کہ براڈ بغیر کوئی رنز بنائے محمد عباس کی گیند پر سرفراز کو کیچ تھما بیٹھے۔

242 کے مجموعی سکور پر ڈومینگ بیس 57 رنز بناکر آﺅٹ ہوئے اور مہمان ٹیم نے 63 رنز کی برتری حاصل کی۔میزبان ٹیم کی جانب سے محمد عامر اور محمد عباس نے چار، 4 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔ یاد رہے کہ گرین کیپس نے اس سے قبل اپنی پہلی اننگز میں 363 رنز بنائے تھے جبکہ انگلش ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے صرف 184 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔