Live Updates

لیجنڈری کپتان عمران خان نے پاکستانی ٹیم کو جیت پر مبارکباد دیدی

عظیم کرکٹر نے ٹویٹ میں دلچسپ بات بھی کہ ڈالی

اتوار 27 مئی 2018 17:25

لیجنڈری کپتان عمران خان نے پاکستانی ٹیم کو جیت پر مبارکباد دیدی
لندن(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔27مئی 2018 ء) قومی ٹیم کے سابق کپتان عمران خان نے بھی قومی ٹیم کو لارڈز ٹیسٹ میں شاندار کامیابی پر مبارکباد دی ہے ۔ سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں عمران خان کا کہنا تھا کہ ” پاکستانی کرکٹ ٹیم کو لارڈ میں انگلینڈ کے خلاف شاندار کامیابی پر بہت مبارکباد پیش کرتا ہوں،یہ وہ ٹیم تھی جسے شاید ہی کسی کرکٹ ماہر نے انگلینڈ کو ہرانے کے لیے فیورٹ قرار دیا تھا اور وہ بھی اتنے شاندار مارجن سے ،یہ ایک بہترین ٹیم پرفارمنس تھی،آخری بار جب میں نے کراچی ایئر پورٹ لینڈ کیا تھا تو پاکستان چیمپئنز ٹرافی جیتا تھا اور آج لارڈ ز کرکٹ گراﺅنڈ میں کامیابی سمیٹی ہے “۔

 یاد رہے کہ لارڈز ٹیسٹ میں پاکستان نے انگلینڈ کو 9 وکٹوں سے شکست دی۔

(جاری ہے)

انگلینڈ کی جانب سے دیے گئے 64 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے اظہر علی اور امام الحق نے اننگز کا آغاز کیا لیکن 12 کے مجموعے پر اظہر علی 4 رنز بنا کر جیمز اینڈرسن کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔اظہر علی کے آﺅٹ ہونے کے بعد امام الحق کا ساتھ دینے کے لیے حارث سہیل وکٹ پر آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا۔

حارث سہیل نے چوکا لگا کر میچ کا خاتمہ کیا۔حارث سہیل 32 گیندوں پر 39 اور امام الحق 18 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔میزبان انگلش ٹیم لارڈز ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 235 رنز سے چوتھے روز کے کھیل کا آغاز کیا تو مجموعی سکور میں 2 رنز کے اضافے کے بعد بٹلر 67 رنز بناکر آﺅٹ ہوگئے۔انگلینڈ کی آٹھویں آﺅٹ ہونے والے کھلاڑی مارک ووڈ تھے جو 4 رنز بناکر محمد عامر کا شکار بنے جب کہ براڈ بغیر کوئی رنز بنائے محمد عباس کی گیند پر سرفراز کو کیچ تھما بیٹھے۔

242 کے مجموعی سکور پر ڈومینگ بیس 57 رنز بناکر آﺅٹ ہوئے اور مہمان ٹیم نے 63 رنز کی برتری حاصل کی۔میزبان ٹیم کی جانب سے محمد عامر اور محمد عباس نے چار، 4 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔ یاد رہے کہ گرین کیپس نے اس سے قبل اپنی پہلی اننگز میں 363 رنز بنائے تھے جبکہ انگلش ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے صرف 184 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات