Live Updates

وزیر اعلی بلوچستان کی کارگردگی صرف فوٹو سیشن تک محدود رہی ،بابر یوسفزئی

اتوار 27 مئی 2018 17:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مئی2018ء) پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے صوبائی سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں صوبائی سیکرٹری اطلاعات بابر یوسفزئی نے صوبائی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعلی بلوچستان عبدالقدوس بزنجو سے بلوچستان کی عوام کو جو امیدیں تھی وہ انہیں پورا کرنے میں ناکام رہے ہیں، وزیر اعلی بلوچستان کی کارگردگی صرف فوٹو سیشن تک محدود ہے صوبے میں تعلیمی سہولیات جوں کی توں ہیں اس کے علاوہ وزیر اعلی کے بڑے بڑے دعووں کے باوجود نہ سرکاری اسپتالوں میں عوام کو کوئی سہولیات میسر ہوئی اور نہ ہی لوگوں کو روزگار دیا گیا وزیر اعلی کے مشیر انہیں صرف فوٹو سیشن تک کارگردگی دیکھانے کا مشورہ کررہے ہیں عوام کو حقیقت میں کوئی تبدیلی نظر نہیں آئی چند غیر سیاسی اور ہر حکومت میں رہنے والے افراد کا عوام کو ایک دفعہ پھر سبز باغ دیکھانے کا پروگرام ہے، ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت اور موجودہ وزیر داخلہ صاحب نے شہید ڈی آئی جی حامد شکیل کی شہادت کے بعد ان کے خاندان کی کفالت ، بچوں کی تعلیم وصحت اور مراعات دینے کا وعدہ کیا تھا لیکن افسوس آج شہید حامد شکیل کا خاندان ان تمام سہولیات سے محروم ہے اور مشکل ترین دن گزار رہا ہے صوبائی حکومت کو اپنے شہداء تک کا خیال نہیں وزیر اعلی صاحب صوبے کے مسترد لوگوں کے ساتھ جوڑ توڑ میں مصروف ہیں، ان کا مزید کہنا تھا کہ ہماری قیادت پر تنقید کرنے والے کل تک ایک قوم پرست جماعت کے گن گاتے تھے جب اسی قوم پرست جماعت نے انہیں نکال دیا تو اب اپنے قد سے اونچی باتیں کرکے سستی شہرت حاصل کرنا چاہتے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف عوام کی حقیقی نمائندہ جماعت ہے جس کی جڑیں عوام میں موجود ہے،ژوب سے لیکر گوادر تک پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کی مقبول ترین جماعت ہے جس طرح ہمارے چیئرمین عمران خان نے نواز شریف اور مسلم لیگ ن کی کرپشن کو بے نقاب کیا ،انشاء اللہ بلوچستان میں بھی کرپٹ لوگوں کو اور بلوچستان کو لوٹنے والوں کو بے نقاب کیا جائے گا آنے والا دور پاکستان تحریک انصاف کا ہے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات