ایم ایم اے آئندہ الیکشن میں بڑی سیاسی قوت کے طور پر سامنے آئے گی ‘ذکر اللہ مجاہد

رمضان نیکیوں کا موسم بہار اور بابرکت مہینہ ہے جو ہمارے اندر باہمی اخوت اور محبتیں پیدا کرتا ہے ‘ امیر جماعت اسلامی لاہور

اتوار 27 مئی 2018 17:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مئی2018ء) امیر جماعت اسلامی و صدر متحدہ مجلس عمل لاہور لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ ا یم ایم اے آئندہ الیکشن میں بڑی سیاسی قوت کے طور پر سامنے آئے گی اور شہر لاہور سے صاف ستھری اور محب وطن ، محب اسلام لیڈرشپ قوم کے سامنے پیش کرے گی ، استحصال اور ظلم پر مبنی فرسودہ نظام لوگوں کے مسائل حل کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتا ، اسلام کا عادلانہ نظام ہی لوگوں کے مسائل کا حقیقی حال ہے ۔

ان خیالات ایم ایم اے لاہور کی ضلعی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر اجلاس میں سینئر نائب صدر ایم ایم اے حافظ ریاض درانی ، رانا نصر اللہ خان ، رانا رحمت علی ، سید شوکت علی اعوان ، چوہدری محمود الاحد ، سید جعفر شاہ ، حافظ محمد اشرف گجر و دیگر قائدین موجود تھے ۔

(جاری ہے)

ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ ر مضان نیکیوں کا موسم بہار اور بابرکت مہینہ ہے جو ہمارے اندر باہمی اخوت اور محبتیں پیدا کرتا ہے ۔

ہمیں اس مقدس مہینہ میںاپنے اللہ تعالیٰ سے تعلق استوار کرنے اور اپنے گناہوں سے نجات کیلئے آپﷺ کی سنتوں پر عمل پیرا ہونا ہو گا۔ دراصل رمضان المبارک صحیح معنوں میں وقت کی پابندی اور ٹائم مینجمنٹ کا مہینہ ہے جس میں انسان خصوصاًً مسلمانوں کو یہ سیکھنے کا موقع میسر آتا ہے کہ وہ اپنے وقت کا استعمال کیسے کریں اور سال کے بقیہ گیارہ مہینوں میں اپنا وقت کس طرح گزاریں ۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں انسان صبر کی تربیت حاصل کرتا ہے کہ بقیہ گیارہ مہینوں میں کس طرح صبر کیا جائے اور صبر کرنے والوں کو اللہ رب العزت اپنا دوست اور محبوب رکھتا ہے ۔