الیکشن کمیشن انتخابی قواعدوضوابط پر سختی سے عملدرآمد کروائے‘میاں مقصود احمد

متحدہ مجلس عمل آئندہ انتخابات میں بھرپورکامیابی حاصل کرے گی‘ امیر جماعت اسلامی پنجاب کی عوامی وفود سے گفتگو

اتوار 27 مئی 2018 17:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مئی2018ء) متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر اور امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے کہاہے کہ25جولائی کو ملک بھر میں قومی وصوبائی اسمبلیوں کے انتخابات کااعلان خوش آئندہے،الیکشن کمیشن ملک میں شفاف،غیر جانبدار اور دھاندلی سے پاک انتخابات کے انعقاد کویقینی بنائے،جمہوری تسلسل کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرزکومل کر کام کرنے کی ضرورت ہے،الیکشن کمیشن 2018کے انتخابات میں انتخابی قواعدوضوابط پر سختی سے عمل درآمدکروائے تاکہ ملک وقوم کو بے داغ،باکردار،مخلص اور محب وطن قیادت میسر آسکے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف عوامی وفود سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ2018کے انتخابات کے حوالے سے ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد،عدلیہ،مسلح افواج اور ملکی خودمختاری واستحکام کے خلاف بیان بازی پر پابندی ہونی چاہئے۔

(جاری ہے)

2013کے انتخابات میں جوخامیاں سامنے آئیں ان کا سدباب ناگزیر ہے بصورت دیگر ملک میں انتشار ،افراتفری اورلاقانونیت بڑھے گی۔

انہوں نے کہاکہ ملک میںمحب وطن قیادت کافقدان ہے۔انشاء اللہ یہ خلامتحدہ مجلس عمل کی دیانتدار،جراتمنداورباکردار قیادت پوراکرے گی۔ایم ایم اے مینارپاکستان پرکامیاب جلسہ عام کے بعدملک بھر میں مقبولیت حاصل کررہی ہے۔عام انتخابات میں متحدہ مجلس عمل خیبرپختونخواہ،پنجاب،سندھ اوربلوچستان میںبھرپور کامیابی حاصل کرے گی۔انہوں نے کہاکہ عوام2018کے انتخابات میں دینی وسیاسی جماعتوں کے اتحاد کو دل کھول کرووٹ دیں۔

70برسوں سے ملک وقوم کوجاگیرداروں،وڈیروں اورسرمایہ داروں نے یرغمال بنارکھا ہے۔مفاد پرست طبقے کے برسراقتدار رہنے سے ملک میں مسائل کے انبار لگے ہیں۔میاں مقصوداحمد نے مزیدکہاکہ ایم ایم میں شامل تمام دینی جماعتوں کے قائدین میں سے کسی ایک کانام بھی پانامالیکس، دبئی لیکس ، پیراڈائزلیکس اور قرضے معاف کرانے والوں میں شامل نہیں ہے۔انشاء اللہ2018کے انتخابات میں پاکستانی عوام متحدہ مجلس عمل کو ووٹ دے کر یہ ثابت کردے گی کہ پاکستان کو سیکولرسٹیٹ نہیںبننے دیاجائے گا۔انہوں نے کہاکہ متحدہ مجلس عمل کے احیاسے ملک میں فرقہ واریت،تعصبات اور لسانی سیاست کاخاتمہ ہوگااور پاکستان کادینی ووٹ بنک متحد ہوگا۔