پاکستان مسلم لیگ(ن) آئندہ انتخابات میں بھی سرخروہوگی، سیما جیلانی

اتوار 27 مئی 2018 14:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مئی2018ء) پاکستان مسلم لیگ(ن)کی سنیئر رہنما و رکن قومی اسمبلی بیگم سیماجیلانی نے کہاہے کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) آئندہ انتخابات میں بھی سرخروہوگی ،مخالفین کے تمام تر ہتھکنڈوں کے باوجود عوام پاکستان مسلم لیگ(ن) کے ساتھ کھڑے ہیں۔اتوار کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ2013ء میں جو ملکی صورتحال تھی وہ کسی سے پوشیدہ نہیں، مخالفین کی جانب سے اوچھے ہتھکنڈے اختیار کئے جا رہے ہیںکہ کسی طرح ان کی سیاست مقبولیت کوکم کیاجاسکے مگر محمد نوازشریف کی مقبولیت میں اس کے برعکس اتناہی اضافہ ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی اور مضبوطی پاکستان مسلم لیگ(ن)کی حکومت کی قابل فخر روایت ہے اور پاکستان مسلم لیگ(ن) اپنی کارکردگی کی بنیاد پر آئندہ انتخابات میں حصہ لے گی اور کامیابی حاصل کرکے حکومت بنائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ عوا م کی طاقت سے پاکستان مسلم لیگ(ن) کی کارکردگی سے بوکھلا کر چوردروازے سے سازشی عناصر نے ہرطرح کے حربے استعمال کرکے پاکستان مسلم لیگ(ن) کی مقبول ختم کرنے کی کوششیں کیں لیکن قوم نے انہیں بُری طرح مسترد کردیا ہے،اب جمہوریت کی آڑ میں ذاتی مفادات کا کھیل کھیلنے والے بے نقاب ہوچکے ہیں۔

ا نہوں نے کہاکہ پاکستان کے باشعور عوام سچ اور جھوٹ کے درمیان تمیز کا ادراک رکھتے ہیں ،قائد پاکستان مسلم لیگ(ن) نوازشریف اور صدر میاں شہبازشریف کے ویژن کے مطابق ہر کارکن پاکستان کو پرامن ،فلاحی ریاست بنانے کیلئے کوشاں ہے،خدمت کی بدولت 2018ء کے عام انتخابات میںجیت پاکستان مسلم لیگ(ن) کی ہوگی اور تعمیر وترقی کا سفر جاری و ساری رہے گا۔

مسلم لیگی رہنما بیگم سیماجیلانی نے کہاکہ دھرنوں اور لاک ڈائونوں سے ملکی معیشت کا پہیہ جام کرنے کی کوشش کرنے والے اب کس منہ سے عوام کا سامنا کریں گے،تبدیلی کے دعویداروں نے پشاور سمیت پورے خیبرپختونخوا کا حلیہ بگاڑ دیا ہے اور بلین ٹری سونامی کا منصوبہ تحریک انصاف کی ناکامی کا منہ بولتاثبوت ہے اور پانچ سال میٹرو پر تنقید کرنے والوں نے اب جاتے جاتے پشاور میں میٹرو کانعرہ لگایاہے۔