سکھر میں انسانیت دم توڑ گئی ،بیٹوں نے ماں کو کچرے میں پھینک دیا

بے بس خاتون گھنٹوں کچرے کے ڈھیر پر پڑی رہی ،اہل علاقہ نے اسپتال پہنچایا

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس ہفتہ 26 مئی 2018 23:09

سکھر میں انسانیت دم توڑ گئی ،بیٹوں نے ماں کو کچرے میں پھینک دیا
سکھر (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار- 26مئی 2018ء) :سکھر میں انسانیت دم توڑ گئی ،بیٹوں نے ماں کو کچرے میں پھینک دیا۔بے بس خاتون گھنٹوں کچرے کے ڈھیر پر پڑی رہی ،اہل علاقہ نے اسپتال پہنچایا۔تفصیلات کے مطابق ماں باپ سے بڑھ کر کوئی رشتہ بھی انسان کو عزیز نہیں ہو سکتا ۔ماں باپ اپنے خون جگر سے ایک عرصہ اپنے بچوں کی پرورش اور نشو ونماکرتے ہیں اور ان سے امید کرتے ہیں کہ جب ماں باپ عمر کے اس حصے میں پہنچ جائیں کہ جب انکی توانائیاں جواب دے دیں تو انکے بچے ہی انکا سہارا بنیں اور وہ تمام خوشیاں جو انہوں نے انکی پرورش کے لیے گنوا دی تھیں ،انکے بچے انکو وہی خوشیاں لوٹا دیں ۔

مگر عصر حاضر میں جس بد ترین طریقے سے ہمارا خاندانی نظام ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکا ہے اسکی مثال نہیں ملتی۔

(جاری ہے)

زندگی کی تیز رفتاری میں بھاگتا ہوا انسان اپنے رشتوں کو کیسے پیچھے چھوڑ دیتا ہے شائد اسے بھی اندازہ نہیں ہوتا۔وہی والدین جنکی عرق ریزیوں نے اولاد کو ایک مخصوص مقام پر پہنچایا ہوتا ہے انکی موجودگی اسی اولاد کو بری لگنے لگتی ہے اور وہ ماں باپ سے پیچھا چھڑوا کر بھاگتے ہیں۔

ایسا ہی ایک افسوسناک واقعہ سندھ کے شہر سکھر میں پیش آیا جہاں سکھر میں انسانیت دم توڑ گئی ،بیٹوں نے ماں کو کچرے میں پھینک دیا۔معذور اور بے سہارا عورت کئی گھنٹے کچرے کے ڈھیر پر پڑی رہی ۔جس کے بعد اہل علاقہ نے اس غریب خاتون کو اسپتال منتقل کیا ۔تاہم تازہ ترین اطلاعات کے مطابق بحریہ فاونڈیشن کے سربراہ ملک ریاض نے اس خاتو ن کا مکمل علاج کروانے کی حامی بھر لی ہے۔ملک ریاض کی جانب سے خاتون کا مکمل علاج بحریہ کے اسپتال میں کروانے کا اعلان کیا گیا ہے۔خاتون کو لینے کے لیے بحریہ کی ٹیمیں اسپتال پہنچ چکی ہیں جو انہیں جلد ہی لے کر روانہ ہو جائیں گی۔