مریم نواز کے جذباتی فیصلوں نے نواز شریف کو اس حالت تک پہنچایا،شیخ رشید احمد

ملک میں اکثریت حادثاتی لیڈروں کی ہے ، پیسے کے زو رپر چلنے والا جھوٹ کا دھندہ ختم ہونے والا ہے،نجی ٹی وی سے گفتگو

ہفتہ 26 مئی 2018 23:48

مریم نواز کے جذباتی فیصلوں نے نواز شریف کو اس حالت تک پہنچایا،شیخ رشید ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 مئی2018ء) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ مریم نواز کے جذباتی فیصلوں نے نواز شریف کو اس حالت تک پہنچایا ،نواز شریف کی پالیسی--، میٹھا میٹھا ہپ، کڑوا کڑوا تھو ہے۔ ملک میں اکثریت حادثاتی لیڈروں کی ہے ۔ پیسے کے زو رپر چلنے والا جھوٹ کا دھندہ ختم ہونے والا ہے۔ نجی ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویو میں شیخ رشید احمد نے کہا کہ مریم نواز کے فیصلے ہمیشہ جذباتی رہے ہیں۔

شادی سے لے کر آج تک وہ جذباتی فیصلے کرتی آئی ہے۔ اس کے جذباتی فیصلوں کی وجہ سے نواز شریف آج یہاں تک پہنچے ہیں۔ یہ جو مرضی کر لیں بے نظیر نہیں بن سکتی۔ انہوں نے کہا کہ شریف خاندان کے اپنے بچے کے سر میں بھی درد ہو تو ان کی چیخیں نکل جاتی ہیں۔

(جاری ہے)

دوسروں کے بچے مر رہے ہوں تو بھی انہیں پرواہ نہیں ان کی پالیسی-، میٹھا میٹھا ہپ کڑوا کڑوا تھو کی ہے۔

اس دنیا میں ان کے جھوٹ کا فیصلہ قریب ہے ۔ میں نے ان کی سازش کو ناکام بنانے کے لئے اپنا کردار ادا کیا ۔ انہوں نے کہا کہ رائٹر کو اجمل قصاب کا پتہ دینے والے نواز شریف ہیں اور میں اس کا ثبوت بھی دے سکتا ہوں۔ نواز شریف مقدمہ کے فیصلے سے قبل کارگل پر بھی بات کرے گا۔ اور فوج کو نقصان پہنچائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے اس ملک میں اکثریت حادثاتی لیڈرو ںکی ہے کوئی شادی یا نکاح کر کے لیڈر بن گیا۔

کوئی پیسے کے زور پر لیڈر بنا اور کوئی جیل جا کر لیڈر بن گیا لیڈر کی سوچ رکھنے والوں کے پاس یا تو پیسہ نہیں تھا یا انہیں چلنے نہیں دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے حالات ایسے ہیں کہ فوج بہت سے معاملات میں سرینڈر کر رہی ہے۔ اس ملک میں میڈیا کو خریدا جا سکتا ہے سیاست او رووٹ کو خریدا جا سکتا ہے جھوٹ کی سیاست عروج پر ہے پیسے کے زور پر جھوٹ کا دھندہ چل رہا ہے مگر وقت دور نہیں کہ ایک چنگاری اٹھے گی جو سب کچھ جلا دے گی۔ جھوٹ کا دھندہ ختم ہونے والا ہے۔