آئندہ کسی کو بھی پاکستان ریلویز کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی اجازت نہیں دیں گے

ملک میں لڑائی جھگڑا کر کے راستہ بنانے کی کوشش درست طریقہ نہیں خواجہ سعد رفیق کا میو گارڈن میں ریلوے افسران کی طرف سے دیئے گئے افطار ڈنر سے خطاب

ہفتہ 26 مئی 2018 23:46

آئندہ کسی کو بھی پاکستان ریلویز کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی اجازت ..
لاہور۔26 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مئی2018ء) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ پاکستان ریلویز کا مستقبل تابناک ہے، آئندہ کسی کو بھی ادارے کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) اپنے منشور میں ریلوے کو بھی شامل کرے گی ۔ وہ ریلوے میو گارڈن کلب میں ریلوے افسران کی طرف سے دیئے گئے افطار ڈنر سے خطاب کر رہے تھے، اس موقع پر چیئرمین و سیکرٹری ریلوے محمد جاوید انور‘ چیف ایگزیکٹو آفیسر ریلویز آفتاب اکبر پینک ٹیم لیڈر محمد اشفاق خٹک‘ سابقہ چیئرمین ریلویز مسز پروین آغا و دیگر سینئرافسران بھی موجود تھے۔

جنہوں نے تقریب سے خطاب کیا۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ان کا ریلوے افسران و ملازمین کے ساتھ اٹوٹ رشتہ قائم ہو چکا ہے، جو زندگی کی آخری سانس تک قائم رہے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ریلوے کی بحالی کوئی معجزہ نہیں تھا بلکہ رائٹ مین فاررائٹ جاب کی پالیسی پر عمل پیرا ہو کر ادارہ کو ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ ریلوے افسران مستقبل میں ادارے کو آگے لے کر جائیں گے اور ہر برائی کے سامنے مزاحمت کریں گے۔

انہوں نے سی پیک کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ سی پیک کے تحت ریلوے کے منصوبوں کی تکمیل سے پاکستان ریلویز کا شمار جلد دنیا کی بہترین ریلویز میں ہونے لگے گا۔ انہوں نے گزشتہ پانچ سالوں کے دوران ریلوے کی بحالی میں کردار ادا کرنے والے افسران کی کارکردگی اور کاوشوں کو سراہا جن کی شبانہ روز محنت سے آج ریلوے اپنے پاؤں پر کھڑا ہو چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی ادارے کی کامیابی کیلئے محنت لگن اور کام کرنے والے ملازمین اور افسران پر اعتماد کرنا بہت ضروری ہے۔ انہوں نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ آنے والے الیکشن کے نتیجے میں جمہوریت جیت جائے اور قوم کی آئین و قانون کی سربلندی کی خواہش پوری ہو اور تلخیاں نہ بڑھیں کیونکہ اس سے قومیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں لڑائی جھگڑا کر کے راستہ بنانے کی کوشش درست طریقہ نہیں جس سے مسائل جنم لیتے ہیں۔