Live Updates

عمران خان 2سال تک پارلیمنٹ میں کیوں نہیں آئے، لیگی وزیر نے حقیقت بتا دی

جب خواجہ آصف پارلیمنٹ کا ممبر تھا تو عمران نیازی پارلیمنٹ میں آنے سے ڈرتا تھا،عابد شیر علی کا ٹوئیٹ

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس ہفتہ 26 مئی 2018 21:54

عمران خان 2سال تک پارلیمنٹ میں کیوں نہیں آئے، لیگی وزیر نے حقیقت بتا ..
اسلام آباد(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔26 مئی 2018ء) عمران خان 2سال تک پارلیمنٹ میں کیوں نہیں آئے، لیگی وزیر عابد شیر علی نے حقیقت بتا دی۔عابد شیر علی نے اپنے ٹوئیٹ میں کہا کہ جب خواجہ آصف پارلیمنٹ کا ممبر تھا تو عمران نیازی پارلیمنٹ میں آنے سے ڈرتا تھا۔تفصیلات کے مطابق عمران خان 2روز قبل ایک لمبے عرصے کے بعد قومی اسمبلی میں آئے ،تقریر کی کی اور واپس چلے گئے ۔

تا ہم پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین کا قومی اسمبلی میں آنا خبروں کی زینت بن گیا۔پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان اس وقت قومی اسمبلی میں آئے جس وقت اپوزشین کی جانب کورم کی نشاندہی کی گئی تھی اور قومی اسمبلی کے سپیکر ایاز صادق اراکین اسمبلی کی گنتی کر رہے تھے۔اس موقع پر عمران خان نے مختصر تقریر بھی کی جس میں انہوں نے خواجہ آصف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ وہی اسمبلی ہے جہاں ایک ممبر ہوا کرتا تھا جو ہمیں کہتا تھا کہ کوئی شرم ہوتی ہے کوئی حیا ہوتی ہے ۔

(جاری ہے)

اس پر ن لیگ نے سخت رد عمل دینے کی کوشش کی ۔عمران خان کی تقریر کے بعد وزیر اعظم نے رد عمل دینا چاہا تو عمران خان وزیر اعظم کا ردعمل سنے بغیر ہی اسمبلی سے چلتے بنے۔چیئرمین تحریک انصاف سےصحافی نے سوال کیا کہ خان صاحب کتنے عرصے بعد پارلیمنٹ آئے ہیں؟ جس پر عمران خان نے کہا کہ مجھے یاد ہی نہیں کتنے عرصے بعد پارلیمنٹ آیا ہوں۔ عمران خان نے کہا کہ اگر صحیح اسمبلی چلاتے تو میں ہر روز آتا۔

اس سے قبل چیئرمین تحریک انصاف عمران خان آخری مرتبہ مئی 2016 میں قومی اسمبلی میں آئے تھے۔عمران خان 2سال بعد اسمبلی میں کیوں آئے ،اسکا جواب لیگی وزیر عابد شیر علی نے اپنے مخصوص انداز میں دیا۔عابد شیر علی جو کہ اپنے متنازعہ بیانات کے باعث خاصی شہرت رکھتے ہیں انہوں نے عمران خان کے اسمبلی میں نہ آنے کی وجہ خواجہ آصف کا خوف قرار دے دیا۔

مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئیٹر پر عابد شیر علی نے اپنے ٹوئیٹ میں کہا کہ جب خواجہ آصف پارلیمنٹ کا ممبر تھا تو عمران نیازی پارلیمنٹ میں آنے سے ڈرتا تھا۔
یاد رہے کہ دھرنے کے دوران اسمبلی پر الزامات لگانے کے بعد جب پہلی مرتبہ پاکستان تحریک انصاف کے ممبران قومی اسمبلی میں آئے تھے تو خواجہ آصف نے پاکستان تحریک انصاف کے ممبران کی خوب کلاس لی تھی اور اپنے مخصوص انداز میں کہا تھا کہ کوئی شرم ہوتی ہے کوئی حیا ہوتی ہے،اس اسمبلی کو گالیاں دینے والے اسی اسمبلی سے مراعات اور تنخواہیں لیتے ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات