پیپلزپارٹی عوام پارٹی ہے ، آئندہ الیکشن میں عوام (ن)لیگ اور پی ٹی آئی کو ووٹ نہیں دے گی ،جام مہتاب حسین ڈہر

ہفتہ 26 مئی 2018 23:44

میرپورماتھیلو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مئی2018ء) پیپلزپارٹی عوام پارٹی ہے ، آئندہ الیکشن میں عوام (ن)لیگ اور پی ٹی آئی کو ووٹ نہیں دیگی ، مہنگائی ، بے روزگاری ، لوڈشیڈنگ کی وجہ سے عام آدمی بے حد پریشان ہے۔پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے کارکنان متحد ہو کر کام کر رہے ہیں ، چاروں صوبوں میں پیپلزپارٹی کلین سوئیپ کریگی۔

ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنماصوبائی وزیر تعلیم و خواندگی سندھ جام مہتاب حسین ڈہر نے اپنے حلقہ اوباڑو کے مختلف علاقوں کا دورہ کرنے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ جام مہتاب حسین ڈہر نے کہا کہ سندھ حکومت تعلیم کے میدان میں گراں قدر خدمات انجام دے رہی ہے اور تعلیمی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے موثر اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

والدین کو چاہیے کہ بچوں کو تعلیم ضرور دلوائیں جبکہ اساتذہ اپنے فرائض منصبی احسن طریقہ سے انجام دیں ۔ جام مہتاب حسین ڈہر نے مزید کہا کہ عام انتخابات میں الزامات اور انتشار کی سیاست کرنے والوں کو عبرتناک شکست ہو گی، پہلے کی طرح عوام کی بھرپور طاقت سے ایک بار پھر اقتدار میں آ کر مخالفین کی سازشیں ناکام بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ حلقہ کی عوام کی بلا تفریق خدمت کی ہے، ہر گاؤں، قصبے، میں بنیادی سہولیات اسکولز، ہسپتال سڑکیں فراہم کی ہیں۔

دوسری جانب جام مہتاب حسین ڈہر نے مکمل ہونے والے منصوبوں کا افتتاح کیا اور جاری منصوبوں کا جا ئزہ لیا ۔ اس موقع پرپاکستان پیپلزپارٹی تحصیل اوباڑو کے صدر مختیار دایو، یاسر اقبال، ضلع ایجوکیشن افسر منظور نائچ ، عبدالکریم شیخ ،حسن علی دشتی اور دیگر موجود تھے۔