تھر میں غذائی قلت کے باعث مزید 2 بچے دم توڑ گئے، غذائی قلت سے جاں بحق بچوں کی تعداد 34 ہوگئی

ہفتہ 26 مئی 2018 23:27

تھر میں غذائی قلت کے باعث مزید 2 بچے دم توڑ گئے، غذائی قلت سے جاں بحق ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 مئی2018ء) تھر میں غذائی قلت کے باعث بچوں کی اموات کا سلسلہ تھم نہ سکا، مزید 2 بچے دم توڑ گئے، رواں ماہ ضلع بھر میں غذائی قلت سے جاں بحق بچوں کی تعداد 34 ہوگئی،صحرائے تھر میں موت کا رقص عروج پر ہے، غذائی قلت کا شکار بچے موت کی وادی میں اتر رہے ہیں، کوئی پرسان حال نہیں، مٹھی سول ہسپتال میں زیر علاج مزید 2 بچے دم توڑ گئے۔

(جاری ہے)

تھر کے مختلف اسپتالوں مٹھی،چھاچھرو اور ڈاھلی میں غذائی قلت کے باعث وبائی امراض کا شکار 74 بچے زیر علاج ہیں۔ادھر ہسپتالوں سے ڈاکٹر، دوائیں، ٹیسٹوں کی سہولت اور لیبارٹریوں میں مشینوں کا فقدان ہے۔ صفائی کا نظام بری طرح درہم برہم ہے جبکہ بلا خیز گرمی میں گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ پر انتطامیہ خاموش ہے۔ دوسری طرف بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت دی جانی والی امدادی گندم بھی منظور نظر افراد کو دی جا رہی ہے۔ امدادی گندم متاثرہ علاقوں میں نہیں پہنچ پاتی جس کے باعث متاثرین شدید پریشانی سے دو چار ہیں۔