Live Updates

2000دنوں میں کچھ نہ کر سکنے والے اب 100دنوں میں جادو دکھانے کے دعویدار ہیں ‘ حمزہ شہباز

عمران خان خیبر پختوانخواہ کی عوام سے معافی مانگیں شاید انہیں رحم آ جائے، اب پاکستان کی ترقی کی باری آنی چاہیے (ن) دور میں ہی پاکستان ایشین ٹائیگر بنے گا ،پارٹی رہنما و چیئرمین پی سی سی میاں عثمان و دیگر سے ملاقات ،میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 26 مئی 2018 22:45

2000دنوں میں کچھ نہ کر سکنے والے اب 100دنوں میں جادو دکھانے کے دعویدار ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 مئی2018ء) مسلم لیگ (ن)کے مرکزی رہنما حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ عوام انتخابات میں ملکی ترقی کی راہ میں رکاوٹ بننے والوں کا کڑا احتساب کریں گے ،اللہ کے فضل و کرم کے بعدعوام نے آئندہ موقع دیا تو ترقی کے سفر کی رفتار کومزید بڑھائیں گے اور مسلم لیگ (ن)کے دور میں ہی پاکستان ایشین ٹائیگر بنے گا،عمران خان نے پانچ سال میں خیبر پختوانخواہ میں کچھ نہیں کیا ، انہیں صوبے کی عوام سے معافی مانگنی چاہیے شاید انہیں ان پر رحم آ جائے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے پارٹی رہنما و چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی میاں عثمان اور دیگر سے 180ایچ ماڈل ٹائون میں ملاقات کے دوران اور مینٹل ہسپتال کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اورآئندہ عام انتخابات سمیت پرائس کنٹرول کمیٹی کی کارکردگی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا ۔ میاں عثمان نے آگاہ کیا کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہبازشریف کی ہدایات کے مطابق پرائس کنٹرول کمیٹی عوام کو ریلیف دینے اور گراں فروشی کی روک تھام کیلئے موثر اور بھرپور اقدامات اٹھا رہی ہے جس کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں۔

حمزہ شہباز نے مزید کہا کہ پارٹی سے دیرینہ وابستگی رکھنے اور قربانیاں دینے والے لوگ پارٹی کا اثاثہ ہیں اور انہیں ہر سطح پر عزت دی جائے گی ۔مسلم لیگ (ن)بھرپور تیاری کے ساتھ انتخابی میدان میں اترے گی اور عوام کے ووٹوں کی طاقت سے سیاسی مخالفین کو عبرتناک شکست سے دوچار کرے گی ۔انہوںنے مزید کہا کہ مسلم لیگ(ن)کی حکومت نے رکاوٹوں کے باوجود ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا ہے اور عالمی ادارے بھی حکومتی کاوشوں کے معترف ہیں۔

موجودہ حکومت نے جب اقتدار سنبھالا تو اس وقت ترقی کی شرح تین فیصد سے بھی کم تھی جبکہ آج یہ چھ فیصد کے قریب پہنچ چکی ہے ۔ حمزہ شہباز شریف نے میاں عثمان کی پارٹی کیلئے خدمات اور بطور چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی کارکردگی کو بھرپور سراہا ۔علاوہ ازیں حمزہ شہباز شریف سی(ن) لیگ سوئٹرز لینڈ کے صدر امجد چوہدری، ندیم عباس ربھیرا، نجمہ افضل خان، یاسر گجر، ذوالفقار بھٹی، احمد بٹ سمیت دیگر نے بھی ملاقات کی ۔

حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ 2000دنوںمیں کچھ نہ کر سکنے والے اب 100دنوں میں جادو دکھانے کے دعویدار ہیں ۔ مسلم لیگ(ن) نے عوام کی خدمت کی ہے اور انشا اللہ آئندہ وزیر اعظم بھی ہماری جماعت سے ہوگا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کا واحد راستہ جمہوریت ہے ، دوسری حکومت اپنی میعاد پوری کر رہی ہے اور پر امن انتقال اقتدار ہو رہا ہے اور اسی سے ادارے مضبوط ہوں گے۔

انہوںنے کہا کہ پنچھی کبھی اس درخت اور کبھی اٴْس درخت پر بیٹھتے ہیں لیکن اب عوام با شعور ہو چکے ہیں وہ ان کا احتساب کریں گے ۔ انہوںنے کہاکہ عمران خان کبھی گیارہ نکات اور کبھی سو روز کا ایجنڈ ا دیتے ہیں لیکن خیبر پختوانخواہ کے ہسپتالوں میں سٹریچر تک نہیں ہیں ۔ انکے ارد گرد قبضہ گروپ اور قرضے معاف کرانے والے لوگ جمع ہیں ۔ میرا ان کو مشورہ ہے کہ وہ ہوش کے ناخن لیں اور خیبر پختواہ کی عوام سے معافی مانگیں شاہد صوبے کے لوگ انہیں معاف کر دیں اور انہیں رحم آ جائے ۔

جولائی 2018ء میں میدان لگنے والا ہے اور دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سب اپنی اپنی باری کی بات کر رہے ہیں لیکن اب پاکستان کی ترقی کی باری آنی چاہیے اور بروقت انتخابات کے انعقاد سے ہی قائد اعظم کے خوشحال پاکستان کی تعبیر ہو گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات