Live Updates

آصف علی زرداری کا نوابشاہ سے اپنی آبائی نشست سے الیکشن لڑنے کا اعلان

آئندہ انتخاب میں کوئی جماعت اکثریت حاصل نہیں کر پائے گی اکثریت ملنا عمران خان کا خواب ہی رہے گا ، صدرپیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز

ہفتہ 26 مئی 2018 22:09

آصف علی زرداری کا نوابشاہ سے اپنی آبائی نشست سے الیکشن لڑنے کا اعلان
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مئی2018ء) پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینزکے سربراہ اورسابق صدرمملکت آصف علی زرداری نے کہاہے کہ آئندہ انتخاب میں کوئی جماعت اکثریت حاصل نہیں کر پائے گی اکثریت ملنا عمران خان کا خواب ہی رہے گا انہوں نے نوابشاہ سے اپنی آبائی نشست سے الیکشن لڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ پیپلز پارٹی انتخابات میں بھرپور حصے لے گی ۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے وزیراعلی ہاس کراچی میں وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ سابق وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ کی جانب سے اپنی اپنی حکومتی کارگردگی سے متعلق پارٹی قیادت کوبریفنگ دینے کے موقع پرصحافیوں سے غیررسمی گفتگوکرتے ہوئے کیا پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ایم این اے فریال تالپور،خورشید شاہ،رحمن ملک ، فرحت اللہ بابر اورپیپلزپارٹی کے دیگرمرکزی اورصوبائی رہنما بھی اس موقع پرموجود تھے۔

(جاری ہے)

آصف علی زرداری نے کہاکہ آئندہ الیکشن میں نواب شاہ سے انتخابات لڑوں گا، انہوں نے کہاکہ لیاری بھی حلقہ انتخاب ہوسکتا تھا مگر پھر ایک نمبر کم ہوجاتا، ان کا کہنا تھا کہ آئندہ انتخابات میں کسی جماعت کو بھی اکثریت نہیں ملے گی اورعمران خان کواکثریت ملنے کے دعوے خواب ہی رہیں گے ۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی طاقتیں اور جمہوریت ہی دہشت گردی کا علاج ہیں ، فاٹا کا انضمام پاکستان اور عوام کے حق میں ہے لیکن کچھ لوگ اپنے ذاتی ایجنڈے کے مطابق اس کی مخالفت کرتے آئے ہیں، فاٹا انضمام ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو کی سوچ تھی، ذوالفقار علی بھٹو کے دور میں فاٹا میں سیاست شروع ہوئی، انہوں نے کہا تھا کہ 10 سال میں وہ فاٹا کا انضمام صوبے کے ساتھ کردیں گے، بینظیر بھٹو فاٹا انضمام کا معاملہ عدالت لے کر گئیں، جب میں صدر تھا تو ایوان صدر میں جرگہ بلایا تھا۔

انہوں نے کہاکہ ہمیں الیکشن کمیشن کو مضبوط بنانا ہے، امید کرتے ہیں کہ اس مرتبہ آر او الیکشن نہیں ہوں گے اور الیکشن کمیشن صاف و شفاف انتخابات کراکے عوام کے اعتماد پر پورا اترے گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات