سینئر صحافی شہزاد شاہ جیلانی کی آصف علی زرداری سے ملاقات ،پیپلز پارٹی میں شمولیت کااعلان

ملاقات میں ان کی پیپلز پارٹی کو آئندہ انتخابات میں منظم کرنے اور کامیابی کے لئے حکمت عملی پر بات چیت کی گئی

ہفتہ 26 مئی 2018 22:07

سینئر صحافی شہزاد شاہ جیلانی کی آصف علی زرداری سے ملاقات ،پیپلز پارٹی ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مئی2018ء) ضلع خیرپور کے سیاسی گھرانے سے تعلق رکھنے والے سینئر صحافی شہزاد شاہ جیلانی نے ہفتہ کوپاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کے صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کی اورپیپلز پارٹی میں شمولیت کااعلان کیا۔تفصیلات کے مطابق شہزاد شاہ جیلانی اور ان کی اہلیہ سینئر رہنما پیپلز پارٹی روبینہ قائمخانی نے آصف علی زرداری سے ملاقات کی جس میں باضابطہ طور پر شہزاد شاہ جیلانی نے پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔

شہزاد شاہ جیلانی کا تعلق ضلع خیرپور سے ہے اور ان کے والد پرویز علی شاہ وفاقی وزیر رہ چکے ہیں جنہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کے ٹکٹ سے پیر صاحب پگارہ کو دو بار الیکشن میں شکست دی- سید قائم علی شاہ بھی ان کے قریبی عزیز ہیں- شہزاد شاہ جیلانی مشرف دور میں سیاست میں سرگرم رہے اور آزاد امیدوار کی حیثیت سے خیرپور شہر کے ناظم بھی منتخب ہوئی-ان کی سیاسی سرگرمیاں مسلم لیگ(ق) سے بھی کچھ عرصہ منسلک رہیں- پچھلے کچھ عرصے سے یہ شعبہ صحافت سے منسلک رہے ہیں اور چند انگریزی جریدوں جن میں امریکی جریدہ ٹائم میگزین بھی شامل ہے کے لئے کالم نگاری جبکہ مختلف چینلز میں بطور اینکر اور تجزیہ نگار کے بھی کام کرتے رہے ہیں- آصف علی زرداری سے ملاقات میں ان کی پیپلز پارٹی کو آئندہ انتخابات میں منظم کرنے اور کامیابی کے لئے حکمت عملی پر بات چیت ہوئی- آصف علی زرداری نے روبینہ قائمخانی اور ان کے شوہر شہزاد شاہ جیلانی کو پارٹی میں شمولیت پر خوش آمدید کہا اور روبینہ قائمخانی کی پا رٹی کے لیئے اپنی کمٹمنٹ اور وفاداری کے کردار کو سراہا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر شہزاد شاہ اور اہلیہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ یہ پارٹی میں اپنا فعال کردار ادا کرتے رہیں گے اور چیئرمین بلاول بھٹو اور آصف علی زرداری کی قیادت اور پالیسوں پر اعتماد کرتے ہوئے ان کا پیغام عوام تک پہنچاتے رہیںگے۔