Live Updates

پاسبان کا میگا سٹی کراچی کا مطالبہ اب کراچی کے عوام کی آواز بن چکی ہے،رہنما پاسبان کراچی

ہفتہ 26 مئی 2018 22:01

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 مئی2018ء) پاسبان کراچی کے صدر عبدالحاکم قائد اور جنرل سیکریٹری سردار ذوالفقار نے کہا ہے کہ پاسبان کا میگا سٹی کراچی کا مطالبہ اب کراچی کے عوام کی آواز بن چکی ہے ۔ سیاستدانوں نے اقتدار حاصل کرکے عوام کو لڑوایا اور خود اسمبلیوں میں بیٹھ کر مزے ، بھاری تنخواہیں اور مراعات لیتے رہے مگر عوام کو نہ بجلی دی گئی نہ پانی ۔

روٹی کپڑا اور مکان کا نعرہ لگانے والی حکومت نے اس قدر مہنگائی کو فروغ دیا کہ آج عوام کے لئے کپڑا اور مکان تو دور کی بات ہے روٹی کا حصول بھی مشکل ہوچکا ہے ۔ پاسبان کا مطالبہ کہ میگا سٹی کراچی کو آئینی حق دیا جائے ہی میںعوام کے مسائل کا حل ہے اور اسی سے کراچی کے عوام خوشحال ہونگے ۔ پاسبان، کراچی کو میگا سٹی کا درجہ دینے کے لئے جاری مہم کو پایہ تکمیل تک پہنچا کر دم لے گی۔

(جاری ہے)

وہ ضلع ملیر میں پاسبان الیاس گوٹھ کے زیر اہتمام منعقدہ دعوت افطار سے خطاب کررہے تھے ۔ اس موقع پرکورنگی کے صدر محمد حامد صدیقی ، نائب صدور ناصر ولی ،محمد زبیر ،ضلع ملیر کے آرگنائزر زین صدیقی ،الیاس گوٹھ کے آرگنائزر محمد شاہد میو ،ممبران محمد رضوان میو ،شیخ عظیم ،مہتاب علی ، قیوم و دیگربھی موجود تھے ۔ پاسبان رہنمائوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے مہینے میں حکومت کو عوام کو ریلیف دینا چاہئے تھا مگر عوام کے بجائے حکمران اقتدار کے مزے لے رہے ہیں اور حکومت کے آخری ایام میں بھی حکمرانوں کو عوام کی کوئی فکر نہیں ۔

پاسبان رہنمائوں نے کہا کہ الیاس گوٹھ میں مسائل کے انبار ہیں ،صحت صفائی کا فقدان ہے ۔ انتظامی اداروں نے بھی صحت صفائی ،سیوریج کے مسائل اور پانی کی قلت کے خاتمے کے لئے کوئی کردار اادا کرنے کی زحمت نہیں کی ۔ پاسبان عوامی مسائل کے حل کے لئے کوشاں ہے ۔ #
Live رمضان المبارک سے متعلق تازہ ترین معلومات