سندھ حکومت کی مدت پوری ہو رہی ہے مگر منتخب بلدیاتی نمائندے اپنا کام جاری رکھیں گے،میئرکراچی

رمضا ن المبارک میں600 سٹی وارڈنز سڑکوں پر اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں اور ٹریفک کی روانی بہتر بنانے میں معاون ثابت ہورہے ہیں،وسیم اختر

ہفتہ 26 مئی 2018 21:54

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مئی2018ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کی مدت پوری ہو رہی ہے مگر منتخب بلدیاتی نمائندے اپنا کام جاری رکھیں گے، ہم 2018کے الیکشن میں ماضی سے زیادہ ووٹ لے کر کامیاب ہونگے ، رمضا ن المبارک میں600 سٹی وارڈنز سڑکوں پر اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں اور ٹریفک کی روانی بہتر بنانے میں معاون ثابت ہورہے ہیں، گزشتہ کسی حکومت نے بھی کراچی پر توجہ نہیں دی اورجب ہم کام کرنا چاہتے ہیں تو ہمیں کام کرنے سے روکا جارہا ہے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لیاقت آبادنمبر 10، موسی کالونی اور ناظم آباد کا 4 گھنٹے طویل دورہ کرنے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ممبر قومی اسمبلی کنور نوید جمیل، ایم پی اے جمال احمد، ضلع وسطی کے چیئرمین ریحان ہاشمی، وائس چیئرمین شا کر علی ، ڈائریکٹر جنرل ورکس اقتدار احمد اورکے ایم سی کے سینئر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے، میئر کراچی نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے اپنے دور حکومت میں کبھی بھی کراچی کے لئے کوئی کام نہیں کیا، 2018 کے الیکشن میں سندھ کے عوام پیپلز پارٹی کو مسترد کردے گی، لاڑکانہ، نواب شاہ اور دیگر اندرون سندھ کے علاقوں کی حالت زار حکومت سندھ کی بیڈ گورننس کا کھلا ثبوت ہیں، سندھ حکومت کی بیڈ گورننس اس سے پہلے تاریخ میں کہیں نہیں ملتی، انہوں نے کہا کہ اب کراچی کی عوام کا پیسہ ان کو کھانے نہیں دیں گے، میں حکومتی اداروں سے کہوں گاکہ حکومت سندھ کی کرپشن کی تحقیقات کریں، میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے شرپسند عناصر ترقیاتی کاموں کو خود انجام دینے کا تاثر دینے کی کوشش کر رہے ہیں اور تعمیراتی کاموں اور منصوبوں پر پارٹی پرچم لگا کر شہریوں کو گمراہ کررہے ہیں لیکن وہ اپنے عزائم میں کامیاب نہیں ہونگے کیونکہ کراچی کے شہریوں کو اس بات کا بخوبی علم ہے کہ شہر کی ترقی کیلئے کون دن رات کام کررہا ہے اور کون اس شہر کی تباہی کہ ذمہ دار ہے، ہم محدود وسائل میں رہتے ہوئے شہر کی تعمیر و ترقی کے لئے ہر ممکن کام سر انجام دے رہے ہیں، اس موقع پر وہاں موجود لوگوں نے میئر کراچی وسیم اختر کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے سڑک تعمیر کرکے اس کا دیرینہ مسئلہ حل کردیا ، انہوں نے کہا کہ اس سڑک کی تعمیر میں تاخیر کے باعث یہاں سے گزرنے والی ٹریفک اور علاقہ مکینوں کی مشکلات کا بخوبی اندازہ تھا اور ہماری کوشش تھی کہ مرکزی شاہراہ ہونے کے باعث یہاں ترقیاتی کام تیزی سے مکمل کیا جائے تاکہ یہاں سے گزرنے والے شہریوں کو ٹریفک جام اور حادثات سے نجات دلائی جاسکے، شہر میں ترقیاتی کاموں کو جاری رکھیں گے تاکہ شہریوں کو ریلیف ملتا رہے، انہوں نے کہا کہ جہاں جہاں بھی ترقیاتی کام انجام دیئے جا رہے ہیں میں ان کی خود نگرانی کر رہا ہوں اور منتخب نمائندوں سے بھی درخواست کرتا ہوں کہ وہ ترقیاتی کاموں کی نگرانی کریں اور جہاں بھی کوئی خامی انہیں نظر آئے اس کی فوری نشاندہی کریں تاکہ شہریوں کے ٹیکس سے آنے والی آمدنی کو ان کے مفاد میں استعمال کیا جاسکے، جب تک سیوریج نظام ٹھیک نہیں ہوتا تب تک سڑکوں کی استرکاری کو تادیر قائم نہیں رکھا جاسکتا، ممبر قومی اسمبلی کنور نوید جمیل نے میڈیا کے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اللہ پیپلز پارٹی کے لوگوں کو ہدایت دے کہ وہ صوبہ سندھ کے شہریوں کی خدمت کرسکیں ، انہو ںنے کہا کہ صوبہ سندھ گزشتہ 10 سالوں سے پیچھے کی جانب سفر کررہا ہے اور پیپلز پارٹی نے سندھ کے لوگوں سے ناجانے کس بات کا بدلہ لیا ہے۔