خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے حویلیاں ایوب پل تا دھمتوڑ بائی پاس کا افتتاح کر دیا

ایبٹ آباد کی عوام نے ٹریفک کی وجہ سے بہت سختیاں جھیلیں، بائی پاس 9 ماہ کی قلیل مدت میں مکمل ہو گا۔ پرویز خٹک

ہفتہ 26 مئی 2018 21:37

خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے حویلیاں ایوب پل تا دھمتوڑ بائی ..
حویلیاں۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مئی2018ء) خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے حویلیاں ایوب پل تا دھمتوڑ بائی پاس کا افتتاح کر دیا، دھمتوڑ بائی پاس 1470 ملین روپے کی لاگت سے تعمیر ہو گا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے کہا کہ ایبٹ آباد کی عوام نے ٹریفک کی وجہ سے بہت سختیاں جھیلی ہیں، حویلیاں ایوب پل تا دھمتوڑ بائی پاس 9 ماہ میں مکمل کیا جائے گا، سڑکیں بنانا کوئی میگا پراجیکٹس نہیں، ان کے نزدیک تعلیم، صحت اور انصاف عوام کی دہلیز تک پہنچانا میگا پراجیکٹ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جب تک اداروں سے سیاسی مداخلت ختم نہیں ہوتی اس وقت تک ملک کا نظام کبھی ٹھیک نہیں ہو گا، دنیا میں انصاف کا نظام قائم ہے جس کی وجہ سے وہ خوشحال ہیں، سیاست دانوں نے ملک میں تعلیم، پولیس اور صحت کا نظام تباہ کر کے رکھ دیا ہے، ہم نے خیبر پختونخوا میں نظام کو درست کیا ہے، آج خیبر پختونخوا کے ادارے مضبوط ہیں اور بہتر انداز میں کام کر رہے ہیں، الله پاکستان کو مخلص لیڈر دے۔ انہوں نے حویلیاں تا دھمتوڑ بائی پاس سڑک ایف ڈبلیو او تعمیر کرے گی، ہم مخالفین کی طرح جعلی تختیاں نصب نہیں کر سکتے۔