Live Updates

انصاف کی تیز فراہمی کیلئے سول پروسیجر کوڈ میں تبدیلی کے بعد سول مقدمات 20 سالوں کی بجائے صرف ایک سال میں ختم ہوں گے

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کا ڈسٹرکٹ بار ہری پور کی نو منتخب کابینہ کی تقریب حلف برداری سے خطاب

ہفتہ 26 مئی 2018 21:37

انصاف کی تیز فراہمی کیلئے سول پروسیجر کوڈ میں تبدیلی کے بعد سول مقدمات ..
ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مئی2018ء) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ انصاف کی تیز فراہمی کیلئے سول پروسیجر کوڈ میں تبدیلی کے بعد سول مقدمات 20 سالوں کی بجائے صرف ایک سال میں ختم ہوں گے، ہماری حکومت 200 سے زائد نئے قوانین بنائے جن میں رائٹ ٹو انفارمیشن ایکٹ اور رائٹ ٹو سروسز ایکٹ بھی شامل ہیں جن سے عوام مستفید ہو رہے ہیں، ہم نے صحت، تعلیم اور پولیس کے نظام کو ٹھیک کرنے کا وعدہ کیا تھا، شروع میں جب ہماری حکومت آئی تو ہم نے خود کہا تھا کہ پولیس چور اور ڈاکو ہے کیونکہ انہیں وہ نظر آ رہی تھی لیکن ہم نے پولیس سے سیاسی مداخلت کو ختم کر کے آزاد کیا تو پولیس نے درست کام کرنا شروع کر دیا اسی لئے ہم نے پولیس ایکٹ کا قانون پاس کر کے پولیس کو بااختیار بنا دیا ہے، آج کوئی سیاسی کسی سپاہی کو بھی چھیڑ نہیں سکتا کیونکہ سیاستدانوں نے عوام کو پولیس سے ذلیل کروایا ہے، اگر محرر، ایس ایچ او اور ڈی پی او سفارش پر نہ لگتے تو عوام میں ذلیل نہ ہوتے۔

(جاری ہے)

وہ ہفتہ کو ڈسٹرکٹ بار ہری پور کی نو منتخب کابینہ کی تقریب حلف برداری سے خطاب کر رہے تھے۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے ڈسٹرکٹ بار کے نو منتخب صدر اسد الله ملک ایڈووکیٹ، جنرل سیکرٹری شاہد محبوب ایڈووکیٹ، نائب صدر میاں اقبال ایڈووکیٹ، جائنٹ سیکرٹری رشیدہ یوسف ایڈووکیٹ اور لائبریری سیکرٹری وقاص احمد ایڈووکیٹ سے ان کے عہدوں کا حلف لیا۔

وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے مزید کہا کہ جب تک حالات کے مطابق روزانہ کی بنیادوں پر عوام کی بہتری کیلئے قانون میں تبدیلی نہیں کی جائے گی تو عوام کو کھبی وقت پر انصاف نہیں ملے گا۔ تقریب سے صدر ڈسٹرکٹ بار اسد الله ملک ایڈووکیٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت نے وکلاء کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے اور پہلی بار ہزارہ باالخصوص ہری پور کو اربوں روپے کے ترقیاتی فنڈز دیکر محرومیوں کو ختم کیا۔

اس موقع پر صوبائی مشیر تعمیرات و مواصلات اکبر ایوب خان، رہنما تحریک انصاف یوسف ایوب خان، امیدوار قومی اسمبلی اور سابق وزیر مملکت عمر ایوب خان، جنرل سیکرٹری شاہد محبوب ایڈووکیٹ، چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی کے پی کے بار کونسل ملک خالقداد ایڈووکیٹ کے علاوہ وکلاء اور سیاسی شخصیات کی کثیر تعداد موجود تھی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات