سبزی و فروٹ منڈی میں نیلامی کے عمل کی مانیٹرنگ شروع کردی گئی

ہفتہ 26 مئی 2018 21:28

ملتان۔26 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مئی2018ء) ڈپٹی کمشنر ملتان زاہد سہیل کی ہدایت پر ماہ رمضان المبارک میں اشیاء خوردونوش کی سستے داموں فراہمی کے لئے سبزی و فروٹ منڈی میں نیلامی کے عمل کی سخت مانیٹرنگ شروع کردی گئی ہے۔ اس سلسلے میں گزشتہ روز اسسٹنٹ کمشنر صدر کاشف ڈوگر اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر زرعی مارکیٹنگ آصف رضا نے علی الصبح سبزی و فروٹ منڈی کا دورہ کیا اور ٹماٹر، پیاز، سیب اور کیلا سمیت مختلف اشیاء خوردونوش کی نیلامی کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر انہوں نے آڑھتیوں کو ہدایت کی کہ رمضان المبارک میں عوام کو ریلیف دینے کے لئے ناجائز منافع خوری سے اجتناب کیا جائے۔ بصورت دیگر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اسسٹنٹ کمشنر صدر کاشف ڈوگر نے کہا کہ ماہ رمضان المبارک میں عوام کو سستے داموں اشیاء خوردونوش کی فراہمی کے لئے ضلع میں 12رمضان بازار قائم کئے گئے ہیں جہاں تمام اشیاء پر حکومت کی جانب سے خصوصی سبسڈی دی گئی ہے تاکہ غریب عوام پر مہنگائی کا بوجھ نہ پڑے۔

(جاری ہے)

اسسٹنٹ ڈائریکٹر زرعی مارکیٹنگ آصف رضا نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر رمضان بازار میں ایگری کلچر فیئر پرائس شاپس کا قیام بھی عمل میں لایا گیا ہے۔ جہاں کھجور، بیسن، دالیں اور سبزیوں پر فی کلو کے حساب سے سبسڈی دی جارہی ہے۔ پورا ماہ رمضان مہنگائی کے جن کو بوتل سے باہر نہیں آنے دیں گے اور منڈیوں سے براہ راست اشیاء خوردونوش رمضان بازاروں میں بھیجی جائے گی۔