پاکستان اور ایران کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں ، گورنر سندھ

دونوں ملک تاریخ و ثقافت اور اسلامی اخوت کے لازول رشتہ میں بندھے ہوئے ہیں ،محمد زبیر

ہفتہ 26 مئی 2018 21:10

پاکستان اور ایران کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں ، گورنر سندھ
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 مئی2018ء) گورنرسندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران تاریخ و ثقافت اور اسلامی اخوت کے لازوال رشتہ میں بندھے ہوئے ہیں یہی وجہ ہے کہ دونوں ملکوں کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایران کے قونصل جنرل احمد محمدی کی جانب سے دیئے گئے افطارڈنر کے موقع پر کیا۔ اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج خان درانی ، ڈپٹی اسپیکر سیدہ شہلا رضا، سابق صوبائی وزرائے اعلیٰ سید قائم علی شاہ ، سید غوث علی شاہ ، مختلف اسلامی ممالک کے سفارت کاروں کے علاوہ کاروباری برادری کے اہم افراد بھی اس موقع پر موجود تھے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تاریخی روابط ہیں جبکہ ہر سال پاکستانی زائرین کی ایک بڑی تعداد ایران میں موجود مقامات مقدسہ کی زیارت کرنے جاتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں کہا کہ قدرتی و ناگہانی آفات کے دوران امدادی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے پر صوبہ کے عوام ایرانی عوام کے مشکور ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آج کا کراچی 2013 سے بالکل مختلف ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بہتر امن و امان کی بدولت اب ملک کے معاشی مرکز میں سرمایہ کاری کے لئے حالات نہایت سازگار ہیں اور دنیا بھر کے سرمایہ کار ان اسے استفادہ کررہے ہیں انہوں نے ایران کے سرمایہ کاروں کو بھی صوبہ میں مزید سرمایہ کاری کی دعوت دی ۔ قونصل جنرل احمد محمدی نے گورنر سندھ کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ #