Live Updates

ہمارا مقابلہ سیاسی پارٹیوں سے نہیں کٹھ پتلیوں کے ساتھ ہے،رانا تنویر حسین

با شعور عوام ووٹ کی قینچی سے کٹھ پتلیوں کے ڈور کاٹ ڈالیں گے،پریس کلب میں خطاب

ہفتہ 26 مئی 2018 20:19

ہمارا مقابلہ سیاسی پارٹیوں سے نہیں کٹھ پتلیوں کے ساتھ ہے،رانا تنویر ..
مریدکی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 مئی2018ء) وفاقی وزیر سائنس وٹیکنالوجی رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ آئندہ انتخابات میں ہمارا مقابلہ سیاسی پارٹیوں سے نہیں کٹھ پتلیوں کے ساتھ ہے اور با شعور عوام ووٹ کی قینچی سے کٹھ پتلیوں کے ڈور کاٹ ڈالیں گے۔دھرنے اور سازشوں کے با وجود ملک کی کل ترقی کا90فیصد مسلم لیگ (ن) کے ہاتھوںممکن ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے ملک کے اندر معاشی انقلاب برپاکیا ملک کو اندھیروں سے نکال کر بجلی کے میگا پراجیکٹس مکمل کئے اور 10ہزرا سے زائد میگا واٹ بجلی کی پیدوار مہیا کر کے ملک سے لو ڈ شیڈنگ کا خاتمہ کیا،ایک کروڑ،بیس لاکھ افراد کو بلا سود قرضے دیئے جب 2013میں حکومت سنبھالی تو ملک اندھیروں میں ڈوبا ہوا تھا محمد نواز شریف کی قائدانہ صلا حیتوں کی بدولت ملک کو بدامنی، دہشت گردی،توانائی بحران کے خاتمہ، تباہ حال ملکی معیشت کو مستحکم اور کراچی کی روشنیاں بحال کرنے کے ساتھ ساتھ فاٹا میں امن قائم کیااور 70سال بعد اسے آزادی دلائی۔

(جاری ہے)

خادم پنجاب شہباز شریف نے پنجاب بھر میں 85ارب روپے کی لاگت سے پختہ سڑکیں تعمیر کروانے کے ساتھ تعلیم وصحت کے شعبوں پر خطیر رقم خرچ کرکے عام آدمی کے لئے بنیادی سہولیات کو یقینی بنایا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینئر صحافیوں سید سجادالحسن شیرازی، سید قاسم علی شاہ ، سعادت علی شیخ ،ملک محمد شریف اعوان،قیصر جمیل مرزا، شیخ ساجد علی، شیخ محمد عباس ، شیخ کبیر اشرف سمیت دیگر صحافیوں کی35سالہ جدوجہد کے بعد سرکاری عمارت میں مریدکے پریس کلب کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔

رانا تنویر حسین نے کہا کہ ہماری حکومت نے ٹیکنالوجی کی شعبے میں نمایا ں کام کیا، ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں سے روابط بڑھائے جس تجارت اور روزگار میں بھی اضافہ ہوا ملک کو درست سمت گا مزن کرکے پاکستان کو دنیا کی دس بڑی ابھرتی ہو ئی معیشتوں کی صف میں کھڑا کیا، انشا اللہ آنیوالے چند سالوں میں پاکستان دنیا کی ایک بڑی معیشت بن جا ئے گا۔

چیئر مین ضلع کونسل شیخوپورہ رانا احمد عتیق انور، چیئر مین بلدیہ مریدکے میاں شبیر احمد، وائس چیئر مین رانا ماجد نواز اور سینئر کونسلر سید اعجازالحسن شیرازی کے ہمراہ وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات میں ہمارا مقابلہ ترقی وخوشحالی کے دشمنوں سے ہے ،مسلم لیگ(ن) اپنی کارکردگی کی بنیاد پر ملک بھر میں کا میابی حاصل کرے گی، نوازشریف کی نا اہلی کا بدلہ عوام مخالفین کو الیکشن میں نشان عبرت بنا کر لیں گے، الزام خان، زرداری اور مداری ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پارٹی چھوڑ کر جانے والے مسلم لیگی نہیں بلکہ دوسری سیاسی جماعتوں سے آنے والے تھے جو اپنے مفادات کی خاطر واپس لوٹ رہے ہیں، جس کو جا نا ہے وہ چلا جا ئے کسی کے آنے اور جانے سے بڑی سیاسی جماعتوں کو کوئی فرق نہیں پڑتا البتہ مفادات کے لئے سیاسی وفاداریاں بدلنے والوں کی سیاست ہمیشہ کے لئے ضرور دفن ہو جائے گے۔

Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات