Live Updates

حمزہ شہباز کا دورہ مینٹل ہسپتال ،مختلف وارڈوں کا معائنہ کیا

جو شخص پانچ سال اپنے حلقے میں نہیں گیا وہ ملک کی کیاخدمت کریگا،حمزہ

ہفتہ 26 مئی 2018 20:19

حمزہ شہباز کا دورہ مینٹل ہسپتال ،مختلف وارڈوں کا معائنہ کیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 مئی2018ء) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ لوگوں پر حیرت ہے کہ وہ اپنے پیاروں کو مینٹل ہسپتال میں چھوڑ کر بھول جاتے ہیں۔ دعا کریں کہ ہم کسی کے کام آ سکیں۔ اس ہسپتال میں ذہنی مریض گزشتہ 32 سے 33 سال سے زیر علاج ہیں۔ گزشتہ روز مینٹل ہسپتال کے دورہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ وہ یہاں کا ماحول دیکھنے کے لئے خود آئے ہیں۔

میڈیا کے مختلف سوالوں کا جواب دیتے ہوئے رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان کے عوام نے دہشت گردی کے واقعات، سیلاب اور زلزلوں کا مقابلہ کیا۔ پاکستان میں جمہوریت پنپ رہی ہے، پشاور کے ہسپتالوں میں سٹریچر تک نہیں لیکن ملک کی ترقی کے لئے جمہوریت بہت ضروری ہے۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں حمزہ شہباز نے کہا کہ وہ لیڈر جو پانچ سال تک اپنے حلقے میں نہیں گیا وہ پورے ملک کی عوام کی کیا خدمت کرے گا۔

انہوں نے عمران خان سے پوچھا کہ وہ بتائیں کہ پاکستان میں کے پی کے کہاں ہے، وہ وقت گزر گیا جب آپ کنٹینر پر چڑھ کر الزامات لگاتے تھے۔ الیکشن 2018ء میں پاکستان مسلم لیگ (ن) جیتے گی جبکہ لاہوروالوں نے عمران خان کی سیاست کو ٹھکرا دیا ہے، دورہ ہسپتال کے موقعہ پر حمزہ شہباز شریف نے ہسپتال کے مختلف حصوں کا وزٹ کیا اور ایم ایس نے حمزہ شہباز شریف کو بریفنگ دی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات