Live Updates

وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے رجب طیب اردوان ہسپتال مظفر گڑھ کے توسیعی منصوبے کا افتتاح کر دیا

وزیر اعلی کا ہسپتال کے مختلف شعبوں کا دورہ ، مریض کی رجسٹریشن سے تشخیص، علاج اور ادوریات کی فراہمی کے عمل کا مشاہدہ عمران نیازی نے پانچ سال تک صرف دھرنے دیئے ، الزامات لگائے اور منفی سیاست کی ، آج وہ دو نہیں ایک پاکستان کی بات کرتے ہیں میں انہیں کہتا ہوں کہ مظفر گڑھ آئیں اور یہاں کا ہسپتال دیکھیں ، جس نے امیر اور غریب کی تفریق مٹا دی ہے،وزیر اعلی کا تقریب سے خطاب

ہفتہ 26 مئی 2018 19:49

وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے رجب طیب اردوان ہسپتال مظفر گڑھ کے توسیعی ..
لاہور۔26 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مئی2018ء) وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے ہفتہ کے روز رجب طیب اردوان ہسپتال مظفر گڑھ کے توسیعی منصوبے کا افتتاح کیا۔ رجب طیب اردوان ہسپتال مظفر گڑھ کو ایک ارب 80 کروڑ روپے کی لاگت سے 140سی380 بیڈز تک توسیع دی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ نے رجب طیب اردوان ہسپتال مظفر گڑھ کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور انتظامات کو سراہا ۔

وزیراعلیٰ نے رجب طیب اردوان ہسپتال مظفر گڑھ میں مریض کی رجسٹریشن سے تشخیص ، علاج اور ادویات کی فراہمی کے عمل کا مشاہدہ کیا۔ رجب طیب اردوان ہسپتال مظفر گڑھ کی شاندار عمارت اور انتظامات دیکھ کر وزیراعلیٰ کے چہرے پر بشاشت اور اطمینان کے تاثرات دکھائی دیئے۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رجب طیب اردوان ہسپتال مظفر گڑھ پاکستان کے ساتھ ترکی کی محبت کا جیتا جاگتا ثبوت ہے۔

(جاری ہے)

ترک صدر رجب طیب اردوان پاکستان اور اہل پاکستان سے خصوصی انسیت رکھتے ہیں ۔ ترک صدر کے نام سے منسوب رجب طیب اردوان ہسپتال ہمیں ہمیشہ ان کی محبت کی یاد دلاتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ رجب طیب اردوان ہسپتال مظفر گڑھ طبی اداروں کیلئے ماڈل کی حیثیت رکھتا ہے۔ رجب طیب اردوان ہسپتال مظفر گڑھ میں ٹیچنگ ہسپتال ، میڈیکل کالج ، نرسنگ کالج اور دیگر سہولتیں فراہم کریں گے۔

رجب طیب اردوان ہسپتال مظفر گڑھ میں مقامی ہی نہیں بلکہ کے پی کے ، بلوچستان اور سندھ سے بھی مریض آرہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ مظفر گڑھ میں رجب طیب اردوان ہسپتال اور ڈسٹرکٹ ہیڈ کورارٹرہسپتال عوام کیلئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا تحفہ ہے۔ جنوبی پنجاب میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ریکارڈ ترقیاتی منصوبوں کی ملک کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔

یو این ڈی پی کی طرف سے جنوبی پنجاب کو خیبر پختونخوا سے بہتر قرار دینا ہمارے اعتماد کا اعتراف ہے ، اللہ تعالی کا شکر بجا لاتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے دورحکومت میں جنوبی پنجاب کی ترقی ایک مثال بن چکی ہے۔ہم نے جنوبی پنجاب میں سکول، کالج،یونیورسٹیاں ، میٹرو اور سڑکیں بنائیں۔مظفر گڑھ ڈی جی خان دو رویہ سڑک کی تعمیر سے روزانہ لاکھوں شہری مستفید ہو رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے رجب طیب اردوان ہسپتال مظفرگڑھ کے توسیعی منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج جنوبی پنجاب کی تاریخ کا ایک اہم دن ہے جب ضلعی ہسپتال مظفرگڑھ کی تعمیر نو اور کروڑوں روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والے صحت عامہ کے منصوبو ںکا افتتاح کیا گیا ہے، اسی طرح رجب طیب اردوان ہسپتال مظفرگڑھ کے 250 بستروں پر مشتمل توسیعی منصوبے کا بھی افتتاح کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے صحت کے شعبہ میں حقیقی انقلاب برپا کر دیا ہے اور پنجاب بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں طبی سہولتوں کو بہتر کیا گیا ہے۔ عوام کو سرکاری ہسپتالوں میں اعلیٰ معیار کی ادویات مفت مل رہی ہیں۔ لوگ جھولیا ںاٹھا کر دعائیں دے رہے ہیں، یہی میرا اور میری ٹیم کا سرمایہ حیات ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہیپاٹائٹس کے مرض نے پاکستان کو جکڑ رکھا ہے اور جن 10 ممالک میں اس مرض کی شدت ہے ان میں پاکستان بھی شامل ہے۔

پنجاب حکومت نے ہیپاٹائٹس کے مرض کے خلاف بھرپور مہم شروع کر رکھی ہے اور پنجاب کے ہر ضلع میں ہیپاٹائٹس کے علاج کیلئے شاندار مراکز قائم کئے گئے ہیں۔ ان مراکز میں ڈاکٹرز، عملہ اور ادویات موجود ہیں۔ دکھی انسانیت کی خدمت سے بڑھ کر کوئی اور نیک کام ہو نہیں سکتا، اسی لئے پنجاب حکومت نے دکھی انسانیت کے زخموں پر مرہم رکھنے کیلئے اربوں روپے کے وسائل صرف کئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شاندار ہسپتال بنانے پر میں صوبائی وزیر خواجہ عمران نذیر، سیکرٹری صحت علی جان اور مقامی انتظامیہ کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد دیتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ سیکرٹری صحت علی جان کا شمار محنتی، ایماندار اور خدا ترس افسران میں ہوتا ہے۔ وہ آج یہاں موجود نہیں کیونکہ انہیں نیب نے طلب کر رکھا ہے۔ نیب آئینی ادارہ ہے، اس نے مجھے بھی بلایا ہے اور دوبارہ بھی بلایا جا سکتا ہے کیونکہ ہمیں قانون کے آگے سر جھکانا ہے اور قومیں وہی بنتی ہیں جو قانون کی حکمرانی کو تسلیم کرتی ہیں - انہوںنے کہا کہ پنجاب کے تمام ضلعی ہسپتالوں میں سیٹ آف دی آرٹ سی ٹی سکین مشینیں لگائی جا رہی ہیں - کچھ ہسپتالوں میں لگ چکی ہیں اور مظفر گڑھ وہ زمانہ لد گیا جب مریضوں کو ہسپتال کی مشین خراب کر کے باہر سے سی ٹی سکین کروانے پر مجبور کیا جاتا تھا- مظفر گڑھ کے ضلعی ہسپتال میں بہترین وارڈز بنائے گئے ہیں جو یورپ ہسپتالوں کی مانند ہیں - انہوںنے کہا کہ رجب طیب اردوان ہسپتال کے توسیع منصوبے کا بھی افتتاح کر دیا گیا ہے - انہوںنے کہا کہ 2010ء میں شدید سیلاب میں پورے خطے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا -دوست ملک ترکی نے پانیوں میں گھرے اپنے پاکستانی بھائیوں کی بھرپور مدد کی اور ان کے لئے کروڑوں روپے کے فنڈاکٹھے کئے - ترک صدر کی اہلیہ خود مختلف شہروں میں جاکر فنڈز اکٹھے کرتی رہیں- سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے بھی بھرپور مدد کی - ترک حکومت نے سیلاب زدہ بھائیوں کی مدد کیلئے 10 ملین ڈالر دیئے اور مظفر گڑھ میں 12 سو گھر بنا کر دیئی- ترک حکومت نے ہی 60 بیڈ کا یہ ہسپتال بنایا جس کا مقابلہ آغا خان ہسپتال سے کیا جا سکتا ہے - ہم نے اس 60 بیڈ کے ہسپتال کو 120 تک بڑھایا اور اس کا انتظام انڈس ٹرسٹ کے حوالے کیا جس نے اس ہسپتال کو شاندار طریقے سے چلایا - اگر چہ ہسپتال کیلئے فنڈز حکومت پنجاب دیتی ہے تا ہم انڈس ٹرسٹ ایمانداری، اخلاص اور خوف خدا سے ہسپتال کو بہترین انداز سے چلا رہا ہے - پھر ہم نے مظفر گڑھ میں 500 بستروں کا ایک اور ہسپتال بنانے کا فیصلہ کیااور مجھے مشورہ دیا گیا کہ اس کا نام رجب طیب اردوان کی بجائے کچھ اور رکھا جائی- میں نے کہا کہ برے وقت میں ساتھ دینے والے دوست کی جانب سے بنائے گئے ہسپتال کو توسیع دے کر اس کا نام بدل دیں ترک بھائی کیا کہیں گی- میں نے کہا کہ اس ہسپتال کا نام رجب طیب اردوان ہی ہو گا-انہوں نے کہا کہ رجب طیب اردوان ہسپتال کے 250 بستروں کے توسیعی منصوبے کے پہلے مرحلے کا افتتاح ہو گیا ہے اور پورے پاکستان میں ایسا سرکاری ہسپتال شائد موجود نہیں ہے - انہوںنے کہا کہ کوئی سوچ سکتا تھا کہ جنوبی پنجاب میں ملک کا نمبر ون ہسپتال بنے گا- یہ ہسپتال بنا کر ہم نے آپ کا قرض چکا دیا ہے جو ہم پر واجب تھا- انہوںنے کہا کہ خطے کے عوام سوچتے تھے کہ کیا پاکستان صرف لاہور ، کراچی اور اسلام آباد ہے - کیا جنوبی پنجاب ملک کا حصہ نہیں ہے - ہم نے آپ کی اس سوچ کو بدل دیا ہے اور جنوبی پنجاب میں تقریبا 5 ارب روپے کی لاگت سے اس شاندار ہسپتال کا پہلا مرحلہ مکمل کیا ہے - اس میں 8 آپریشن تھیٹرز ہیں اور آئندہ چند ہفتوں میں یہ ہسپتال مکمل طور پر آپریشنل ہو جائے گا-یہی نہیں یہاں میڈیکل کالج اور نرسنگ کالج بھی بنے گا - اگر اللہ کو منظور ہوا اور عوام نے ہمیں خدمت کا موقع دیا تو انشاء اللہ ڈیڑھ سال میں دوسرے اڑھائی سو بستروں کے مرحلے کو مکمل کرائیں گے - 113 ایکڑ رقبے پر محیط اس شاندار ہسپتال میں دل کے آپریشن ہو ں گے ، کینسر ، آنکھوں، جگر اور گردے کے امراض کا علاج ہو گا- انہوںنے کہا کہ ضلعی ہسپتال کو ملا کر مظفر گڑھ میں ایک ہزار بستروں کے ہسپتال بنائے گئے ہیں - انہوںنے کہا کہ رجب طیب اردوان ہسپتال میں جنوبی پنجاب سے ہی نہیں بلکہ گوجرانوالہ، لاہور ، ملتان ، سندھ اور بلوچستان سے بھی لوگ علاج کیلئے آئیں گے - انہوںنے کہا کہ مجھے صرف عوام کی دعائیں چاہیں اور کچھ نہیں - اگر خدمت کے بدلے دعائیں مل گئیں تو انشاء اللہ میرے گناہ معاف ہو جائیں گے - اگر اللہ تعالی پوچھے گا کہ دنیا میں کیا کیا تو میں کہوں گا کہ میں نے دکھی انسانیت کی خدمت کی ہے اور ان کے زخموں پر مرہم رکھنے کیلئے شاندار ہسپتال بنائے ہیں - انہوںنے کہا کہ ملتان میں گردوں کا شاندار ہسپتال دن رات کام کر رہا ہے اور اسے بھی انڈس ٹرسٹ چلا رہا ہے - گردوں کے امراض میں مبتلا ایک اہم شخصیت سے میری ملاقات ہوئی ہے جنہوںنے بتایا ہے کہ ان کے دونوں گردے کام نہیں کر رہے اور وہ ڈائلسز اسی ہسپتال سے کروا رہے ہیں اور انہوں نے مجھے یہ شاندار ہسپتال بنانے پر مبارکباد دی ہے - انہوںنے کہا کہ جنوبی پنجاب کی محرومی کا ڈھنڈورا پیٹنے والے سیاسی بصیرت سے عاری ہیں - پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے جنوبی پنجاب کی ترقی کیلئے بے مثال اقدامات کئے ہیں - اس خطے میں سٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال، دانش سکول اور سڑکیں بنائی ہیں - 27 ارب روپے کی لاگت سے خانیوال تا لودھراں 90 کلومیٹر دو رویہ سڑک بنائی ہے - بہاولپور میں بھی شاندار ہسپتال اور تعلیمی ادارے بنائے ہیں - ڈیرہ غازی خان میں 5 سو بستروں پر مشتمل ہسپتال کے منصوبے پر دن رات کام ہو رہا ہے - بہاولپور سے حاصل پور تک اربوں روپے کی لاگت سے شاندار سڑک بنائی گئی ہے -’’پکیاں سڑکاں سوکھے پینڈے ‘‘ کے تحت 90 ارب روپے کی لاگت سے دیہی سڑکیں بنائی گئی ہیں - انہوںنے کہا کہ سیلاب 2010ء کے دوران جنوبی پنجاب کے عوام سے جو رشتہ جڑا ہے اب اسے صرف موت ہی توڑ سکتی ہے - زندگی رہی اور اللہ تعالی نے موقع دیا تو اگلے پانچ سالوں میں جنوبی پنجاب کو ترقی کے لحاظ سے وسطی پنجاب کے مقابلے میں لا کھڑا کروں گااور دور جدید کی تمام سہولتوں سے مزین کریں گے -مظفر گڑھ ڈی جی جی خان موٹر وے اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ ہم محض تقریروں اور نعروں کی بجائے عملی اقدامات پر یقین رکھتے ہیں - انہوںنے شہر سلطان میں یونیورسٹی کے کیمپس کے قیام کا بھی اعلان کیا- انہوںنے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے توانائی بحران کے خاتمے کے لئے بھی عملی اقدامات اٹھائے - 2013ء میں ملک کو بدترین لوڈ شیڈنگ کاسامنا تھا اور بجلی جاتی تھی تو آتی نہیں تھی- آج اللہ تعالی کے فضل و کرم سے سحری ، افطاری اور تراویح میں عوام کو بجلی مل رہی ہے اور یہ محمد نواز شریف کی قیادت میں شب و روز محنت کا نتیجہ ہے - انہوںنے کہا کہ گزشتہ پانچ سالوں میں مجموعی طور پر گیارہ ہزار میگا واٹ بجلی کے منصوبے لگائے ہیں - دوسری جانب زرداری جو آج کل کرپشن کے خلاف بھاشن دیتے ہیں - ان کے دور میں توانائی کے منصوبوں کے نام پر کرپشن کی گئی- نندی پور کے منصوبے کی مشینری چار سال تک کراچی کی بندر گاہ پر سڑتی رہی - سپریم کورٹ نے لکھاکہ بابر اعوان نے اس منصوبے میں خیانت کی ہے - اسی طرح نیلم جہلم کا منصوبہ 20 سال تک رینگتا رہا اور اس پر پانچ ارب ڈالر خرچ ہوئی- پانچ ارب ڈالر یعنی ساڑھے پانچ سو ارب روپے جو پنجاب کے ترقیاتی سالانہ پروگرام کے مساوی ہیں -کہا جاتا ہے کہ بیس سال کی مدت میںمکمل ہونے والے 980میگاواٹ کے اس منصوبے میں اربوں روپے کی کرپشن ہوئی -اس سے بڑھ کر پاکستان کے عوام کے ساتھ ظلم اور زیادتی کیا ہو سکتی ہے - اسی ظلم کو ختم کرنے کے لئے دن رات محنت کرنا ہے - انہوںنے کہا کہ زرداری صاحب کہتے ہیں مرسو ں مرسوں سندھ نہ ڈیسوںلیکن میں کہتا ہوں کہ ان کا مطلب ہے مرسو ں مرسوں کام نہ کرسوں- انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے گیس کی بنیاد پر چار پاور پلانٹس لگائے ہیں جن سے پانچ ہزار میگا واٹ بجلی پیدا ہو رہی ہے اور یہ منصوبے زرداری دور میں لگنے والے منصوبوں سے آدھی قیمت پر لگے ہیں -دوسری جانب عمران نیازی ہیں جنہوںنے پانچ سال تک دھرنے دیئے ، الزامات لگائے اور منفی سیاست کی - ایک دھیلے کا کام نہیں کیا- آج وہ دو نہیں ایک پاکستان کی بات کرتے ہیں - میں انہیں کہتا ہوں اگر یہ دیکھنا ہے تو مظفر گڑھ میں آئیں اور مظفر گڑھ کا ہسپتال دیکھیں جس نے امیر اور غریب کی تفریق مٹا دی ہے - ہم نے پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں علامہ اقبال کے اس شعر کہ ! ایک ہی صف میں کھڑے ہوگئے محمود ایاز …نہ کوئی بندہ رہا نہ کوئی بندہ نواز- کو لاگو کر دیا ہے - یہی قائد ؒ اور اقبال‘ کا پاکستان ہے - انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ پاکستان بین الاقوامی برادری میں اپنا مقام حاصل کرے گا-صوبائی وزراء اور اراکین اسمبلی نے بھی تقریب سے خطاب کیا-
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات