Live Updates

وزیراعلیٰ نے ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال مظفر گڑھ میں توسیعی منصوبے سی ٹی سکین مشین ، ہیپا ٹائٹس فلٹر کلینک اور ٹراما سنٹر کا افتتاح کر دیا

ایمرجنسی ، اوپی ڈی ، آپریشن تھیٹراور دیگر وارڈز کا دورہ، کروڑوںروپے کی لاگت سے مکمل ہونے والے تعمیر نو کے میگا پراجیکٹ کا تفصیلی جائزہ لیا ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال مظفر گڑھ میں طبی سہولتوں اور وارڈز کا معیار کسی اعلیٰ ہسپتال سے کم نہیںہے شعبہ صحت کی بہتری کیلئے اٹھائے گئے ٹھوس اقدامات کے ثمرات عام آدمی تک پہنچ رہے ہیں،شہباز شریف کی منصوبوں کے افتتاح کے بعد گفتگو

ہفتہ 26 مئی 2018 19:49

وزیراعلیٰ نے ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال مظفر گڑھ میں توسیعی منصوبے سی ٹی ..
لاہور۔26 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مئی2018ء) وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال مظفر گڑھ میں توسیعی منصوبے سی ٹی سکین مشین ، ہیپا ٹائٹس فلٹر کلینک اور ٹراما سنٹر کا افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب میں وزراء، ارکان اسمبلی ، مسلم لیگ (ن) کے رہنما ، کارکن ، سیکرٹری صحت اور متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔ ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال مظفر گڑھ میں 53 کروڑ 30 لاکھ روپے لاگت کے میگا پراجیکٹ کے افتتاح کے بعد دعا کی گئی۔

وزیراعلیٰ نے ہسپتال کے ایمرجنسی ، اوپی ڈی ، آپریشن تھیٹراو ردیگر وارڈز کا تفصیلی دورہ کیا اور 39 کروڑ 76 لاکھ روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والے تعمیر نو کے میگا پراجیکٹ کا تفصیلی جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال مظفر گڑھ میں طبی سہولتوں اور وارڈز کا معیار کسی اعلیٰ ہسپتال سے کم نہیںہے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے مریضوں اور ان کے لواحقین سے گفتگو کی اور ان سے طبی سہولتوں اور ادویات کی فراہمی کے بارے میں استفسار کیا کہ آپ کو علاج میں کسی دقت کا تو سامنا نہیں تو وزیر اعلی کے سوال کے جواب میں مریضوں نے کہا کہ آپ نے ہمارا ہسپتال بنا کر دل جیت لئے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے وارڈ ز میں داخل مریضوں کی عیادت کی ، ان سے حال احوال دریافت کیا اور جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔ وزیراعلیٰ نے ایک معمر مریض سے سرائیکی میں گفتگو کی ’’جناب ول ہی وے ‘‘ جس پر مریض نے خوشدلی سے جواب دیتے ہوئے کہا کہ جی ہاں سائیں۔ وزیراعلیٰ نے ہسپتال میں سی ٹی سکین سیکشن کا دورہ کیا اور جدید ترین مشین دیکھ کر مسرت کا اظہار کیا۔

وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کا ہیلتھ کلچر بدل گیا ، اب مظفر گڑھ والوں کو سی ٹی سکین ٹیسٹ کیلئے ملتان نہیں جانا پڑے گا۔ سی ٹی سکین ٹیسٹ کی فیس حکومت پنجاب ادا کرے گی ، 24 گھنٹے عملہ اور مشین میسر ہو گی۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے نے 11 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے جدید ترین ٹراما سنٹر کا بھی دورہ کیا اور اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مظفر گڑھ میں ٹراماسنٹر وقت کی ضرورت ہے ، لاکھوں شہری مستفید ہو سکیں گے۔

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ٹراما سنٹر میں ڈاکٹروں اور طبی عملے کی موجودگی اور ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ وزیراعلیٰ ضلعی ہسپتال مظفر گڑھ کے ہیپاٹائٹس فلٹر کلینک بھی گئے اور ہیپاٹائٹس فلٹر کلینک کے مختلف شعبوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی ہسپتالوں میں ہیپاٹائٹس فلٹر کلینک عوام کیلئے مسلم لیگ (ن) کا تحفہ ہے۔ فلٹر کلینک میں موجود مریض پی کے ایل آئی لاہور سے طبی مشاورت لے سکے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے عام آدمی کو علاج معالجہ کی معیاری سہولتوں کی فراہمی پر اربوں روپے کی سرمایہ کاری کی ہے۔ ضلعی ہسپتالوں کو اپ گریڈ کیا گیا ہے اور صوبے کے تمام ضلعی ہسپتالوں میں جدید ترین سی ٹی سکین مشینیں نصب کی جا رہی ہیں۔ ضلعی ہسپتالوں میں سٹیٹ آف دی آرٹ پتھالوجی لیبز بھی بنائی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے شعبہ صحت کی بہتری کیلئے جو ٹھوس اقدامات اٹھائے ہیں اس کے ثمرات عام آدمی تک پہنچ رہے ہیں۔
Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات