نواز شریف کی زیر صدارت مشاورتی اجلاس ،سیاسی صورتحال ، ٹکٹوں کی تقسیم ،عوامی رابطہ مہم بارے تفصیلی تبادلہ خیال

ٹکٹوں کی تقسیم کے فارمولے پر گفتگو کی گئی ،پارٹی سے وفاداری اہم ترین اصول قرار،مشکل وقت میں ساتھ نبھانے والوں کو ہی ٹکٹ جاری کیا جائیگا پارٹی چھوڑ کر جانے والوں کے حلقوں میں مضبوط ترین امیدوار میدان میں اتارے جائیں گے ،بھر پور انتخابی مہم بھی چلائی جائے گی (ن) لیگ اپنی شاندار کارکردگی کیساتھ انتخابی میدان میں اترے گی اور کامیابی حاصل کر ے گی‘ قائد (ن) لیگ

ہفتہ 26 مئی 2018 19:35

نواز شریف کی زیر صدارت مشاورتی اجلاس ،سیاسی صورتحال ، ٹکٹوں کی تقسیم ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مئی2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن ) کے قائد محمد نواز شریف کی زیر صدارت پارٹی رہنمائوں کااہم مشاورتی اجلاس ہوا جس میں مجموعی سیاسی صورتحال ، ٹکٹوں کی تقسیم اور عوامی رابطہ مہم کے سلسلہ میں تفصیلی تبادلہ خیال اور آئندہ کا لائحہ عمل مرتب کیا گیا ۔ ذرائع کے مطابق جاتی امراء رائے ونڈ میں منعقد ہونے والے اجلاس میں آئندہ عام انتخابات میں ٹکٹوں کی تقسیم کے فارمولے پر گفتگو کی گئی جس کے تحت ٹکٹ کے لئے پارٹی سے وفاداری اہم ترین اصول قراردیا گیا ۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مشکل وقت میں پارٹی کا ساتھ نبھانے والوں کو ہی ٹکٹ جاری کیا جائے گا۔اجلاس میں انتخابات میں کامیابی کی حکمت عملی بارے بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پنجاب میں زیادہ سے زیادہ سیٹیں جیتنے کی کوشش کی جائے گی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ مسلم لیگ (ن) چھوڑ کر جانے والوں کے حلقوں میں مضبوط ترین امیدوار میدان میں اتارے جائیں گے اور ان حلقوں میں بھر پور انتخابی مہم بھی چلائی جائے گی ۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مسلم لیگ (ن) کی وفاقی اور صوبائی حکومت کی کارکردگی کو بھرپور طریقے سے عوام کے سامنے لایا جائے گا ۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ محمد نواز شریف عوامی رابطہ مہم کے سلسلہ میں 30مئی کو نوابشاہ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کریں گے ۔ اسی تناظر میں یکم جون کو ڈجکوٹ اور 8جون کو منڈی بہائوالدین میں ورکرز کنونشن کا انعقاد کیا جائے گا جس سے نواز شریف خطاب کریں گے۔ ذرائع کے مطابق نواز شریف کا کہنا تھاکہ مسلم لیگ (ن) اپنی شاندار کارکردگی کیساتھ انتخابی میدان میں اترے گی اور کامیابی حاصل کر ے گی ۔ ملک اورقوم کی ترقی کیلئے دن رات کام کیا ہے اور انشا اللہ آئندہ بھی اس پر گامزن رہیں گے۔