Live Updates

آئندہ انتخابات سے قبل مسلم لیگ ق بھی پنجاب میں میدان مارنے کیلئے متحرک ہوگئی

تحریک انصاف کی جانب سے اتحاد کرنے سے انکار کے بعد سابق حکمراں جماعت نے 4 جماعتی اتحاد تشکیل دے دیا، مزید جماعتوں کو اکٹھا کرنے کی کوشش

muhammad ali محمد علی ہفتہ 26 مئی 2018 18:46

آئندہ انتخابات سے قبل مسلم لیگ ق بھی پنجاب میں میدان مارنے کیلئے متحرک ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 مئی2018ء) آئندہ انتخابات سے قبل مسلم لیگ ق بھی پنجاب میں میدان مارنے کیلئے متحرک ہوگئی ہے۔ اس سلسلے میں تحریک انصاف کی جانب سے اتحاد کرنے سے انکار کے بعد مسلم لیگ ق نے 4 جماعتی اتحاد تشکیل دے دیا ہے۔ جبکہ مزید جماعتوں کو اکٹھا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی کی لاہور میں رہائش گاہ پر چار جماعتی اتحاد کے اجلاس میں آئندہ الیکشن پر غور و خوض کیا گیا۔

 اجلاس میں پاکستان عوامی تحریک کے خرم نواز گنڈاپور، سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا، مجلس وحدت المسلمین کے ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات ناصر عباس شیرازی اور دیگر رہنمائوں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

چودھری شجاعت حسین کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام محب وطن قوتوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں چاروں صوبوں میں سیاسی رابطے بڑھائے جائیں گے اور رابطہ عوام مہم شروع کی جائے گی۔

چودھری شجاعت حسین، چودھری پرویزالٰہی اور دیگر رہنمائوں نے کہا کہ نگران وزیراعظم اور وزیراعلیٰ بہر صورت غیرجانبدار ہونے چاہئیں۔ جبکہ الیکشن کمیشن پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ صاف، شفاف اور غیر جانبدارانہ الیکشن کا انعقاد یقینی بنائے تاکہ اس کے نتائج عوام کیلئے قابل قبول ہوں۔ شفاف الیکشن ہی ملک کو موجودہ بحرانوں سے نکال سکتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ 1977ء اور 2013ء والا الیکشن ڈرامہ اب نہیں ہونا چاہئے اگر ایسا کیا گیا تو اس پر عوامی ردعمل تاریخ کاحصہ بن جائے گا ۔ ایسے الیکشن کے نتائج کو عوام کبھی قبول نہیں کریں گے۔ سانحہ ماڈل ٹائون پر پیش رفت کے حوالے سے خرم نواز گنڈاپور نے بریفنگ دی اور اجلاس نے اس سانحہ کے متاثرین کی دادرسی کے سلسلہ میں عدلیہ کی کارکردگی کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات