وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق )کل( ساہیوال اور یوسف والا ریلوے اسٹیشنوں کا افتتاح کریں گے

ہفتہ 26 مئی 2018 18:34

وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق )کل( ساہیوال اور یوسف والا ریلوے اسٹیشنوں ..
لاہور۔26 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مئی2018ء) وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق کل اتوار کو ساہیوال اور یوسف والا ریلوے اسٹیشنوں کا افتتاح کریں گے، وہ رائے ونڈ کے زیر تعمیر ریلوے اسٹیشن کا بھی دورہ کریں گے اور تعمیراتی کام کاجائزہ لیں گے، انہیںاوکاڑہ ریلوے اسٹیشن پر ریلوے کے ذیلی ادارے ریڈیمکو کی طرف سے بریفنگ بھی دی جائے گی، چیئرمین پاکستان ریلویز محمد جاوید انور، چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد آفتاب اکبر اور دیگرا علیٰ ریلوے حکام بھی ان کے ہمراہ ہوں گے۔

وزیر ریلویزخواجہ سعد رفیق اور وزیر داخلہ احسن اقبال کل سوموار کو نارووال ریلوے اسٹیشن کا بھی افتتاح کریںگے۔خواجہ سعد رفیق نے نئے ریلوے اسٹیشنوں کی تعمیر کو ساہیوال، اوکاڑہ اور رائے ونڈ کے عوام کے لئے ایک تحفہ قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ ریلوے کے انفراسٹرکچر میں بہتری کے لئے دن رات کام کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق ساہیوال ریلوے اسٹیشن کو اکیس کروڑ آٹھ لاکھ ، یوسف والا ریلوے اسٹیشن کو دس کروڑ چالیس لاکھ اور نارووال ریلوے اسٹیشن کو پینتیس کروڑاٹھانوے لاکھ وپے کی خطیر رقم سے تعمیر کیا گیا ہے۔

ساہیوال کول پاور پلانٹ کو کوئلے کی فراہمی کے لئے پلانٹ تک ریلوے لائن اور دیگر انفراسٹرکچر کی تعمیرمجموعی طور پرپانچ ارب بارہ کروڑ روپوں میں کی گئی ہے جبکہ وہاں یوسف والا میں اہم ضروریات کو پورا کرنے کے لئے ایک اسٹیٹ آف دی آرٹ ریلوے اسٹیشن بھی تعمیر کیا گیا ہے جہاں ریلوے کے عملے کو بہترین سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق آج اتوار ہی کے روز رائے ونڈ ریلوے اسٹیشن کا بھی دورہ کریںگے اور تعمیراتی کام کا جائزہ لیں گے جو پچاسی فیصد مکمل ہو چکا ہے، رائے ونڈ ریلوے اسٹیشن کی تعمیر این ایل سی کر رہی ہے اور اس کے تعمیراتی کام کا آغاز پندرہ نومبر 2016 کو کیا گیا تھا۔

وزیر ریلویز کی خصوصی ہدایات پر تمام نئے تعمیر ہونے والے ریلوے اسٹیشنوں پر مسافروں کو صاف پانی کی فراہمی کے لئے دو ، دو فلٹریشن پلانٹس بھی لگائے گئے ہیں۔ ان تمام ریلوے اسٹیشنوں پر اسٹیشن ماسٹر آفس، اسسٹنٹ اسٹیشن ماسٹر آفس، پارسل گودام، ٹکٹ گھر، سگنل آلات روم، الیکٹریکل روم، سی سی ٹی وی روم، ویٹنگ رومز اور جائے نماز کی سہولت طہارت خانوں کے ساتھ فراہم کی گئی ہے۔