مقبوضہ کشمیر ، سالویشن موومنٹ کابھارتی مظالم کیخلاف احتجاجی مظاہرہ

بیرسٹر ترمبو اور دیگر کی پر امن مظاہرین پر طاقت کے وحشیانہ استعمال کی مذمت

ہفتہ 26 مئی 2018 18:34

سرینگر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مئی2018ء) مقبوضہ میں جموں وکشمیر سالویشن موومنٹ نے بھارتی فورسز کی طرف سے انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں، بے گناہ شہریوںکے قتل، پر امن مظاہرین پر پیلٹ فائرنگ اور بلا جواز گرفتاریوں کے خلاف سرینگر کے لالچوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڑ ز اٹھا رکھے تھے جن پر’’ کشمیریوں کا قتل عام بند کرو،’’کالے قوانین ختم کرو،’’سیاسی نظر بندوں کو رہا کرو، ’’ نوجوانوں اور طلباء کی گرفتاریوں کا سلسلہ بند کرو ‘‘ جیسے نعرے درج تھے۔

سالویشن موومنٹ کے چیئرمین ظفر اکبر بٹ کی ہدات پر کیے جانے والے مظاہرے میں امتیاز احمد، مفتی مدثر، غازی جاوید، محمد حنیف، فاروق احمد، نصیر احمد سمیت پارٹی رہنمائوں اور کارکنوں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔

(جاری ہے)

انہوں نے نہتے کشمیریوں پر بھارتی مظالم کے خلاف اور غیر قانونی طور پر نظر بند کشمیریوں کی عید الفظر سے پہلے رہائی کے حق میں نعرے لگائے ۔

دریں اثنا ظفر اکبر بٹ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ بات چیت اور قتل عام ایک ساتھ نہیں چل سکتا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر ی مذاکراتی عمل کے خلاف نہیں ہیں لیکن بات کا مقصد تنازعہ کشمیر کو حل کرنا ہونا چاہیے۔ادھر جموںو کشمیر لبریشن فرنٹ آر کے سرپرست اعلیٰ بیرسٹر عبدالمجید ترمبو ،جنرل سیکریٹری وجاہت بشیر قریشی اور ایڈوکیٹ ایوب راٹھورنے ایک مشترکہ بیان میں بھارتی فورسز کی طرف سے سرینگر میں پر امن مظاہرین پر طاقت کے وحشیانہ استعمال اور جامع مسجد کی بے حرمتی کی شدید مذمت کی ہے ۔

انہوں نے جامع مسجد کے باہر فورسز کی تعیناتی کو بلا جواز اور اشتعال انگیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس اقدام کے ذریعے مسجد کے تقدس کو پامال کیا جارہا ہے۔انھوں نے قابض فورسز کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے افراد کی فوری صحت یابی کے لئے دعا کی۔