Live Updates

آئندہ انتخابات ریفرنڈم ثابت ہونگے ،عوامی خدمت کے باعث دوبارہ (ن) لیگ کی حکومت ہوگی ‘رانا تنویر حسین

کوئی طاقت مسلم لیگ (ن) کی مقبولیت کو کم نہیں کر سکتی ،ہم نے جھوٹ ،بے بنیاد الزامات کی بجائے عوام کی خدمت کی ‘وفاقی وزیر

ہفتہ 26 مئی 2018 18:16

آئندہ انتخابات ریفرنڈم ثابت ہونگے ،عوامی خدمت کے باعث دوبارہ (ن) لیگ ..
نارنگ منڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مئی2018ء) وفاقی وزیر دفاعی پیداوار و ٹیکنالوجی رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ آئندہ عام انتخابات ریفرنڈم ثابت ہوں گے ،عوام مسلم لیگ (ن) کی پانچ سالہ کارکردگی اور عوامی خدمت پر اپنے بھر پور اعتماد کا اظہا ر کرے گی ،مرکز اور صوبوں میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت ہو گی ۔انہوں نے رکن قومی اسمبلی رانا افضال حسین ،چیئرمین ضلع کونسل شیخوپورہ رانا احمد عتیق انور ،رکن صوبائی اسمبلی چودھری حسان ریاض ،چیئرمین چودھری نوید بھٹی ایڈووکیٹ ملک محمد عارف ،چودھری الطاف صالح بٹر ،رانا قربان علی ،چودھری نصر اللہ کجلہ،ملک محمد یوسف،ملک محمد عمران اور عابد باٹھ کے کے ہمراہ ضلع شیخوپورہ بھر کی یونین کونسلوں کے چئیرمین وائس چئیرمین اور جنرل کونسلروں کے اعزاز میں افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے واضح کیا کہ کوئی طاقت مسلم لیگ (ن) کی مقبولیت کو کم نہیں کر سکتی ہم نے جھوٹ اور بے بنیاد الزامات کی سیاست کی بجائے عوام کی خدمت کو مقدم رکھا ہے اور ہمارے تمام اقدامات عوام کی ترقی و خوشحالی کے مظہر ہیں ،دھرنا پارٹی نے صرف اور صرف جھوٹ اور بے بنیاد الزامات کی سیاست کی ہے اور عوام کے مسائل کے حل اور اپنے صوبے کی ترقی کی بجائے الزام تراشی کو وطیرہ بنائے رکھا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ماضی کے حکمرانوں نے توانائی بحران کے خاتمے کے لیے کوئی اقدام نہیں اٹھایا تھا جس کی وجہ سے ملک اندھیروں میں ڈوبتا چلا گیا کرپٹ اور شکست خوردہ عناصر نے توانائی سمیت مفاد عامہ کے ہر منصوبے میں تاخیر کی کوشش کی اور ہم نے الحمداللہ بحرانوں پر قابو پایا عمران،نیازی نے دھرنوں اور لاک ڈائون کی منفی سیاست سے ملک و قوم کا قیمتی وقت ضائع کیا ۔

رانا تنویر حسین نے کہا کہ ہم نے معاشی سیکٹر کو مضبوط کیا انڈسٹریز کے فروغ کی کامیاب جدوجہد کی 2013اور 2018کے پاکستان میں زمین آسمان کا فرق ہے عوام خدمت کرنے والوں کو کبھی بھلاتے نہیں 2018کے الیکشن میں عوام خدمت کرنے والو اور ترقی کا سفر روکنے والوں کا فیصلہ اپنے ووٹ کی طاقت سے کریں گے اور ترقی کے دشمنوں کا عوام احتساب کریں گے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے کھوکھلے اور چلے ہوئے کارتوس تحریک انصاف میں شامل ہو رہے ہیں مسلم لیگ ن نے ہمیشہ کارکنوں کو عزت بخشی مسلم لیگ ن کی عوام دوست پالیسیوں اور ملکی تعمیر و ترقی و عوام کی فلاح و بہبود کے لیے بھر پور اقدامات کیے جسے عوام فراموش نہیں کر سکتے ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات