حکومت اپنی مدت ختم ہونے سے پہلے تمام تصدیق شدہ سیلز ٹیکس ریفنڈز کی ادائیگی یقینی بنائے، اسلام آباد چیمبر کا مطالبہ

ہفتہ 26 مئی 2018 17:56

حکومت اپنی مدت ختم ہونے سے پہلے تمام تصدیق شدہ سیلز ٹیکس ریفنڈز کی ادائیگی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مئی2018ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عامر وحید ، سینئر نائب صدر محمد نوید ملک اور نائب صدر نثار مرزا نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی مدت ختم ہونے سے پہلے تمام تصدیق شدہ سیلز ٹیکس ریفنڈز کی ادائیگی یقینی بنائے کیونکہ برآمدکنندگان کے اربوں روپے سیلز ٹیکس ریفنڈ اور ڈیوٹی ڈرابیک کی مد میں پھنسے ہوئے ہیں اور ادائیگی نہ ہونے کی وجہ سے وہ پریشانی کا شکار ہیں۔

انہوںنے اس بات پر زور دیا کہ خاص طور پر جن کے ریفنڈ پیمنٹ آرڈرز جاری ہو چکے ہیں ان کو فنڈز ریلیز کرے۔ شیخ عامر وحید نے کہا کہ بعض اطلاعات کے مطابق برآمدکنندگان کے 260ارب روپے کے تصدیق شدہ سیلز ٹیکس ریفنڈ ابھی تک وجب الادا ہیں جس سے برآمدکنندگان میں مایوسی پیدا ہو رہی ہے۔

(جاری ہے)

لہذا انہوںنے مطالبہ کیا کہ موجودہ حکومت تمام تصدیق شدہ ریفنڈز کو اپنی مدت ختم ہونے سے پہلے ادا کرے تا کہ برآمدکنندگان کی مشکلات کم ہوں اور وہ برآمدات کو مزید بہتر کرنے میں فعال کردار ادا کر سکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم کے ایکسپورٹ پیکج کے تحت ڈیوٹی ڈرابیک ٹیکس کے جو کلیم اب تک ایف بی آر کے پاس جمع ہو چکے ہیں حکومت انہیں کلیئر کرے کیونکہ اگر ایسا نہ کیا گیا تو ادائیگیوں میں مزید غیر ضروری تاخیر ہو گی۔ آئی سی سی آئی کے صدر نے کہا کہ سابق وزیر اعظم نے جنوری 2017میں ایکسپورٹرز کیلئے 180ارب روپے کے پیکج کا اعلان کیا تھا جو جون 2018میں ختم ہو جائے گا لیکن اس پیکج میں کمرشل ایکسپورٹرز کو شامل نہیں کیا گیا تھا حالانکہ وہ بھی برآمدات کو فروغ دینے میں اہم کردارادا کر رہے ہیں۔

لہذا انہوںنے اس بات پر زور دیا کہ حکومت اس پیکج کی مدت میں مزید توسیع کرے اور کمرشل ایکسپورٹرز کو بھی پیکج میں شامل کرے تا کہ وہ اس سے مستفید ہو کر برآمدات کو مزید بہتر کرنے میں اپنا مثبت کردار ادا کریں۔