فاٹاکی طرح نئے صوبوں کے معا ملات بھی قومی اتفاق رائے سے حل کئے جائیں گے ،وزیراعظم شاہدخاقان عباسی

ہفتہ 26 مئی 2018 17:44

فاٹاکی طرح نئے صوبوں کے معا ملات بھی قومی اتفاق رائے سے حل کئے جائیں ..
کوٹ مٹھن۔26 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مئی2018ء) وزیراعظم شاہدخاقان عباسی نے کہاہے کہ موجودہ حکومت نے جس طرح اتفاق رائے کے ساتھ فاٹاکامسئلہ حل کیاہے اسی طرح صوبوں کامسئلہ بھی حل کیاجائے گا،کوٹ مٹھن میں دریاے سندھ پرنوتعمیر شدہ بے نظیر بھٹو پُل کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شاہدخاقان عباسی نے کہاکہ صوبوں کامعاملہ علاقائی نہیں ،قومی معاملہ ہے ۔

جنوبی پنجاب صوبہ ،بہاولپورصوبہ اوردیگرصوبوں کامعاملہ قومی سطح پراتفاق رائے سے حل کیاجائے گا۔انہوںنے کہاکہ ہم نے کبھی کسی کی پگڑی نہیں اچھالی اورنہ گالی دی ہے، ہم لوگوں کی خدمت کرتے ہیں اورعوامی مسائل حل کرنے پریقین رکھتے ہیں۔وزیراعظم نے کہاکہ جنوبی پنجاب کانعرہ لگانے والوں نے پانچ سال تک اسمبلیوں میں بات کیوں نہیں کی، جن لوگوں نے وفاداریاں تبدیل کی ہیں عوام انہیں اگلے الیکشن میں مستردکردیں گے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ موجودہ حکومت نے اپنے دورمیںجوکام کیا وہ ماضی کی کوئی حکومت نہیں کرسکی ، آج لوڈ شیڈنگ ختم ہوگئی ہے ہم نے بجلی کے نئے منصوبے بنائے اورابھی ہم تھرکول منصوبے پرکام کررہے ہیں ۔انہوںنے مزید کہاکہ حکومت نے فیصلہ کیاہے کہ دوبارہ برسراقتدا رآنے کے بعد ہرضلعے میں یونیورسٹی بنائی جائے گی اس کے لئے زمین صوبائی حکومت فراہم کرے گی اوراخراجات وفاقی حکومت کرے گی ۔

انہوںنے کہاکہ سابق وزیراعظم محمد نواز شریف اوروزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی قیادت میں موجودہ حکومت نے عوام کو بے پناہ سہولتیں مہیاکیں۔انہوںنے کہاکہ راجن پورمیںسوئی گیس کی فراہمی کاکام ہم نے شروع کیاتھالیکن الیکشن کمیشن نے ہمیں روک دیا۔انہوںنے کہاکہ دریائے سندھ پر8ارب روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والایہ پل علاقے میں معاشی سرگرمیاں تیز کرے گا۔انہوںنے کہاکہ یہ پل موٹروے کے ساتھ بھی منسلک ہے، یہ پل عبورکریں گے توراجن پورسے کراچی کاراستہ سات گھنٹے کارہ جائے گا،اس موقع پرگورنرپنجاب رفیق رجوانہ ،ڈپٹی سپیکرپنجاب اسمبلی شیرعلی گورچانی ،رکن قومی اسمبلی ڈاکٹرحفیظ ،رکن صوبائی اسمبلی عاطف مزاری اورنیشنل ہائی وے کے چیئرمین نے بھی خطاب کیا۔