پاکستان میں انتخابات 25 جولائی تک ہو جائینگے، یقین ہے انتخابات شفاف اور منصفانہ ہونگے، بیرسٹر سلطان

ہفتہ 26 مئی 2018 17:09

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مئی2018ء) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و پی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان میں انتخابات 25 جولائی تک ہو جائیں گے مجھے یقین ہے کہ یہ انتخابات شفاف اور منصفانہ ہونگے اس میں جہاں نگران حکومت کا کردار ہو گا وہاں پر میں نیشنل ڈیموکریٹک انسٹیٹیوٹ (NDI)کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے یہ الیکشن شفاف بنانے کے لئے مختلف ٹریننگ پروگرام رکھے اور چاروں صوبوں میں مختلف سیاسی جماعتوں کے 4250 الیکشن اور پولنگ ایجنٹس کو ٹریننگ دی ۔

تاکہ پولنگ کے روز دھاندلی کی کوشش کو ناکام بنائیں اسمیں نیشنل ڈیموکریٹک انسٹیٹیوٹ نے ماسٹر ٹرینرز کے ذریعے زبردست تربیت کا اہتمام کیا۔ چاروں صوبوں میں جا کر تربیت دی گئی۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انھوں نے آج یہاں نیشنل ڈیموکریٹک انسٹیٹیوٹ کی کنٹری ڈائریکٹرڈورین ویلیمز سے ایک ملاقات میں کیا۔ بعدزاں ڈورین ویلمز نے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کا نیشنل ڈیموکریٹک انسٹیٹیوٹ کے مرکزی سیکریٹیریٹ میں بریفنگ دیتے ہوئے ٹریننگ کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

اس موقع پر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے انکی انتخابات کے لئے انکی کوششوں کو سراہا کہ اس سے اب چھوٹی سطح پر بھی دھاندلی کے امکانات ختم ہو کر رہ گئے ہیں۔اس موقع پر ڈورین ویلیمز نے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو بتایا کہ ہم نے اس ٹریننگ پروگرام میں تمام جماعتوں کو یکساں رکھا ہے اور پی ٹی آئی کے بھی ایک ہزار سے زاہد پولنگ ایجنٹس کو تربیت دی گئی۔

اسی طرح دور دراز کے علاقوں میں بھی جہاں پر الیکشن کی ٹریننگ دی گئی تھی وہاں پر بھی ٹریننگ کی گئی۔خاص کر خواتین کے پولنگ اسٹیشنوں پر دھاندلی کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں خواتین پولنگ ایجنٹس کو بھی ٹریننگ دی گئی۔ ہمارا ٹریننگ کاکام تقریباً مکمل ہو چکا ہے۔بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ پولنگ کے دن کے لئے یورپی یونین کا ایک وفد الیکشن کا جائزہ لینے اور رپورٹ بنانے کے لئے آئے گا اس سے انتخابات میں شفافیت کو تقویت ملے گی۔