نگراں وزیر اعلیٰ کا فیصلہ تیسری نشست میں کر لیا جائے گا،وزیراعلیٰ میر عبدالقدوس بزنجو

ہفتہ 26 مئی 2018 16:48

نگراں وزیر اعلیٰ کا فیصلہ تیسری نشست میں کر لیا جائے گا،وزیراعلیٰ میر ..
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مئی2018ء) نگراں وزیر اعلیٰ بلوچستان کے لئے حکومت اور اپوزیشن میں مشاورت جاری وزیراعلیٰ اور اپوزیشن لیڈر کے درمیان دو سری ملاقات کے بعد پانچ ناموں کی فہرست تیار کرلی گئی،تفصیلات کے مطابق جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب وزیراعلیٰ بلوچستان اور قائد حزب اختلاف عبدالرحیم زیاتوال کے درمیان نگراں وزیراعلیٰ کے نام پر فیصلے کے لئے دوسری ملاقات ہوئی ،گزشتہ ملاقات میں سامنے آنے والے 16ناموں سے پانچ ناموںکی فہرست تیار کرلی گئی ،حکومت کی جانب سے نگراں وزیراعلیٰ کے لئے پرنس احمد علی ، علائو الدین مری اور کامران مرتضیٰ ایڈوکیٹ جبکہ اپوزیشن کی جانب سے قاضی اشرف اور سرداراسلم بھوتانی کے نام فہرست میں شامل کیے گئے ہیں وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے اس حوالے سے بتایا کہ نگراں وزیر اعلیٰ کا فیصلہ تیسری نشست جو کہ ہفتے کی رات ہوگی میں کر لیا جائے گا ،بلوچستان اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عبدالرحیم زیاتوال کا کہنا ہے کہ جو بھی فیصلہ ہوگا وہ اتفاق رائے اور بلوچستان کے مفاد میں ہوگا۔