جماعت اسلامی پنجاب کا اسٹیٹ بنک کی تازہ رپورٹ پرشدید تشویش کااظہار

مہنگائی کی چکی میں پسے عوام کو بے سکون کرنے کی کسرلوڈشیڈنگ نے پوری کردی ہے،حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کے باعث پاکستان عملاً مسائلستان بن چکا ہے‘ صدرمتحدہ مجلس عمل پنجاب وامیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد

ہفتہ 26 مئی 2018 16:45

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مئی2018ء) متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر اور امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے اسٹیٹ بینک کی تازہ رپورٹ جس میں مہنگائی میں اضافے اور معاشی عدم استحکام کاخدشہ ظاہر کیا گیا ہے پر اپنی شدیدتشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ ملک میں پہلے ہی حکمرانوں کے عاقبت نااندیش فیصلوں اور ناکام معاشی پالیسیوں کے باعث مہنگائی کاطوفان برپا ہے،عوام کی قوت خرید اور معیار زندگی بری طرح متاثر ہوا ہے۔

انہوں نے کہاکہ ماہ رمضان میں عام آدمی کو درپیش مسائل اور ان کے حل سے حکمرانوں کوکوئی غرض نہیں۔بابرکت مہینے کا پہلاعشرہ مکمل ہوگیا ہے مگر مہنگائی کاطوفان تھمنے کا نام نہیں لے رہا۔تھوک مارکیٹوں،پرچون فروشوں اور رمضان بازاروں میں اشیاء ضروریہ کی گراں فروشی کاسلسلہ جاری ہے۔

(جاری ہے)

اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں سو فیصد تک اضافہ ہوچکا ہے۔

انہوں نے کہاکہ ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں نے لوٹ مار مچاکرمہنگائی کی چکی میں پسے عوام کو بدحال کردیا ہے۔ رہی سہی کسرلوڈشیڈنگ نے پوری کردی ہے۔وزیر اعظم اور ان کے وزراء نے رمضان المبارک میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے اور لوڈشیڈنگ نہ کرنے کے متعدد باردعوے اور وعدے کیے تھے مگر تمام دعوے ریت کی دیوار ثابت ہوئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ جہاں ماہ مقدس میں روزہ داروں کوشدیدمشکلات کا سامناکرنا پڑرہا ہے وہاں بجلی اور پانی کی عدم فراہمی نے ان کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ موجودہ حکمران اپنی مدت اقتدار پوری کرچکے ہیں۔پاکستان کے عوام کو سبزباغ دکھانے والے اپنے اقتدار کے پانچ سال پورے کرکے اب دوبارہ انہیں بے وقوف بنانے کے لیے مختلف روپ دھار کر مسیحائی کاڈھنڈوراپیٹ رہے ہیں۔عوام 2018کے انتخابات میں ان بہروپیوں کو مسترد کردیں۔میاں مقصوداحمد نے مزیدکہاکہ وسائل سے مالا مال ملک حکمرانوں کی غلط ترجیحات کے باعث مسائلستان بن چکا ہے۔ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والاشخص اذیت ناک مسائل اور کرب کاشکارہے، ان کوریلیف نام کی کوئی چیز میسر نہیں۔